تلنگانہ میں گروپ I کی 503 جائیدادوں کیلئے 16 اکٹوبر کو پریلمس امتحان

   


3 لاکھ 80 ہزار سے زائد امیدوار، مین امتحان جنوری یا فروری میں ہوگا
حیدرآباد۔/4 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں گروپ I پریلمس امتحان 16اکٹوبر کو منعقد ہوگا۔ پبلک سرویس کمیشن نے عہدیداروں کو امتحانات کے شفاف انعقاد کی تیاریوں کی ہدایت دی ہے۔ کمیشن نے عہدیداروں کے ساتھ امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ امتحان سے ایک ہفتہ قبل ویب سائیٹ https://www.tspsc.gov.in سے ہال ٹکٹ ڈاون لوڈ کریں۔ گروپI کی 503 جائیدادوں کیلئے 3 لاکھ 80 ہزار 202 امیدواروں نے درخواست داخل کی ہے۔ یہ جائیدادیں ڈپٹی کلکٹر اور ڈی ایس پی رتبہ کی ہیں۔ گروپ I کیلئے درخواستوں کا غیرمعمولی ردعمل رہا اور ہر پوسٹ کیلئے اوسطاً 756 امیدوار میدان میں ہیں۔ پبلک سرویس کمیشن کے مطابق گروپ I مین امتحانات جنوری یا فروری میں منعقد کئے جائیں گے۔ گروپ I کی 503 جائیدادوں میں 225 خواتین کیلئے مختص ہیں اور ان کیلئے 151192 خاتون امیدوار میدان میں ہیں۔ ہر پوسٹ کیلئے اوسطاً 672 خواتین امیدوار ہیں۔ معذورین کے زمرہ میں 24 جائیدادوں کیلئے 6105 درخواستیں داخل کی گئیں اور ہر پوسٹ کیلئے 254 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد یہ پہلا گروپ I امتحان ہوگا اور کے سی آر حکومت نے 80 ہزار مختلف زمرہ کی جائیدادوں کیلئے تقررات کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔ر