تلنگانہ میں گوگل پر لاک ڈاؤن کے سرچ میں زبردست اضافہ

   

عوام کو دوبارہ لاک ڈاؤن کا اندیشہ، حکومت کی وضاحت کے بعد گوگل سرچ میں کمی
حیدرآباد: کورونا کیسس کی تعداد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ عوام میں دوبارہ لاک ڈاون کے نفاذ سے متعلق اندیشوں میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے فیصلہ کے ساتھ ہی دوبارہ لاک ڈاؤن سے متعلق افواہیں سوشیل میڈیا پر تیزی سے گشت کرنے لگی ہیں ۔ تلنگانہ علاقہ میں 2020 ء کے دوران گوگل پر سب سے زیادہ جو لفظ استعمال کیا گیا، وہ لاک ڈاؤن تھا۔ تلنگانہ میں لاک ڈاؤن سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے عوام گوگل پر سرچ کر رہے تھے ۔ بتایا جاتا ہے کہ تعلیمی اداروں کو بند کرنے کے فیصلہ کے بعد عوامی اندیشوں میں اضافہ ہوگیا ۔ حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن کے امکانات کی تردید کی گئی تاہم عوام گوگل سرچ پر لاک ڈاؤن کے بارے میں تفصیلات حاصل کرنے میں مصروف رہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سب سے زیادہ لاک ڈاؤن کا سرچ 22 اور 23 مارچ کے درمیان دیکھا گیا ۔ گوگل ٹرینڈس کے مطابق گزشتہ سال جون میں جتنی تعداد میں لوگوں نے لاک ڈاؤن سرچ کیا تھا ، اتنی ہی تعداد گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران دیکھی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ دوبارہ لاک ڈاؤن کی افواہوں کا کچھ ایسا اثر ہوا کہ تلنگانہ علاقہ میں لاک ڈاؤن سرچ میں صد فیصد اضافہ درج کیا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے وضاحت کے بعد لاک ڈاؤن سرچ میں 36 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے ۔ موجودہ ٹرینڈ کے نتیجہ میں کئی کاروبار بری طرح متاثر ہوئے۔ کئی افراد جو کاروبار کے آغاز کیلئے جگہ کرایہ پر حاصل کرنا چاہتے تھے ، انہوں نے لمحہ آخر میں اپنا منصوبہ ترک کردیا کیونکہ وہ دوبارہ لاک ڈاؤن کی اطلاعات سے خوفزدہ تھے۔