تلنگانہ میں گھروں کو نل کنکشن فراہمی کی مرکزی وزیر نے ستائش کی

   

حیدرآباد: مرکزی منسٹر آف اسٹیٹ جل شکتی رتن لال کٹاریہ تلنگانہ میں گھروں کو صد فیصد نل کنکشن فراہم کرنے پر حکومت کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر گھر کو پینے کے پانی کی سربراہی کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ 1998 ء میں سدی پیٹ کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے کے چندر شیکھر راؤ نے پینے کے پانی کی سربراہی سے متعلق جامع اسکیم پر عمل کیا تھا ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ بہار ، کرناٹک اور مہاراشٹرا میں تلنگانہ ماڈل پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے 22 مئی 2016 کے من کی بات پروگرام میں تلنگانہ حکومت کی ستائش کرتے ہوئے پانی کی سربراہی اسکیم کا حوالہ دیا تھا۔ ملک کے مختلف اداروں نے اس اسکیم کی ستائش کی ہے ۔ ہندوستان میں 19 کروڑ مکانات کو دیہی علاقوں میں پانی کا کنکشن حاصل ہے ۔ تلنگانہ میں ہر گھر کو دیہی علاقوں میں پانی کا کنکشن فراہم کیا ہے جس کی تعداد 54 لاکھ سے زیادہ ہے۔ حکومت نے حال ہی میں مشن بھگیرتا کے محفوظ پانی کو سربراہ کرنے کا آغاز کیا ہے جس کے لئے ریاست میں 250 سے زائد دفاتر قائم کئے گئے۔ منرل واٹر کی بوتلوں کے بجائے مشن بھگیرتا کا پانی بوتلوں میں سربراہ کیا جائے گا۔