حیدرآباد میں 20 ہزار افراد متاثر پائے گئے، کیسس میں اضافہ باعث تشویش
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا وائرس کے کیسس کے اضافہ کے پس منظر میں سی بی آئی تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ریاست میں فروری تک ہر 10 لاکھ میں سے 7080 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں سب سے زیادہ کیسس ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میں ہر 10 لاکھ کی آبادی میں 20451 افراد کورونا سے متاثر پائے گئے۔ کریم نگر 18951 کے ساتھ ریاست میں دوسرے نمبر پر رہا۔ رنگا ریڈی اور میڑچل میں کیسس کی تعداد زیادہ ہے۔ تاہم کریم نگر ضلع ہر 10 لاکھ کی آبادی میں کیسس کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر رہا۔ ورنگل اربن اور ملگ اضلاع میں علی الترتیب 11162 اور 10262 کیسس درج کئے گئے۔ نارائن پیٹ اور وقار آباد ہر 10 لاکھ میں کیسس کے اعتبار سے سب سے کم ریکارڈ ہوئے ہیں۔ ان دونوں اضلاع میں 1983 اور 2873 افراد ہر 10 لاکھ میں کورونا سے متاثر پائے گئے۔ حیدرآباد ، رنگا ریڈی اور میڑچل میں گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کیسس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں باقاعدہ کلاسس کے آغاز اور عوام کی جانب سے ماسک کے استعمال میں لاپرواہی کے نتیجہ میں تلنگانہ کیسوں کے اعتبار سے دیگر ریاستوں کے برابر ہوچکا ہے ۔ توقع ہے کہ جون تک کیسس کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا۔ ماہرین کے مطابق تلنگانہ میں کورونا کی دوسری لہر کا فی الوقت کوئی امکان نہیں ہے جس کے نتیجہ میں کیسس کی تعداد میں اچانک اضافہ کا کوئی خطرہ دکھائی نہیں دیتا ۔ محکمہ صحت نے حکومت کو احتیاطی تدابیر کے سلسلہ میں چوکس کیا ہے۔