تلنگانہ میں ہیلت ایمرجنسی اور وزیر صحت کے استعفیٰ کا مطالبہ

   

Ferty9 Clinic

ریاست میں کورونا بے قابو، ومشی چند ریڈی کا الزام
حیدرآباد : سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی ومشی چند ریڈی نے کورونا کیسیس میں اضافہ کے پیش نظر تلنگانہ میں ہیلت ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کیا۔ ومشی چند ریڈی نے الزام عائد کیاکہ کے سی آر حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں بُری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ عوام کی زندگی سے حکومت کھلواڑ کررہی ہے۔ کورونا وائرس گریٹر حیدرآباد اور اطراف کے دیگر اضلاع میں تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اُنھوں نے ریاست میں ہیلت ایمرجنسی کے نفاذ اور وزیر صحت ای راجندر سے استعفے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس قائد نے کہاکہ کورونا کے آغاز سے لے کر ابھی تک حکومت نے بڑے پیمانے پر ٹسٹ کرنے سے گریز کیا حالانکہ ٹسٹ کے ذریعہ مریضوں کی حقیقی تعداد کا پتہ چلاتے ہوئے علاج کے اقدامات کئے جاسکتے تھے۔ حکومت کی لاپرواہی اور تساہل کے نتیجہ میں صورتحال بے قابو ہوچکی ہے۔ کورونا پر قابو پانے کے اقدامات میں تلنگانہ دیگر ریاستوں کے مقابلے آخری درجہ میں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ نہ صرف عوام بلکہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ بھی خود کو غیر محفوظ تصور کررہا ہے۔ خانگی ہاسپٹلس کی من مانی کے سبب عوام علاج سے محروم ہیں۔ سرکاری دواخانوں میں بستروں کی کمی اور مناسب علاج نہ ہونے کے سبب غریب اور متوسط طبقات میں اموات میں اضافہ ہوا ہے۔ اُنھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ خانگی لیباریٹریز اور ہاسپٹلس پر قابو پانے کے لئے سخت قدم اُٹھائیں۔ ہائیکورٹ کی جانب سے بارہا ہدایات کے باوجود حکومت نے کوئی سبق نہیں سیکھا جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑرہا ہے۔