تلنگانہ میں یومیہ 30 ہزار سے زائد کورونا معائینے

   

اب تک 90 لاکھ سے زائد افراد کے معائینے، محکمہ صحت کے عہدیداروں کا بیان
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کا معائنہ کروانے والوں کی تعداد 90لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور تلنگانہ میں اب تک جملہ 90لاکھ 35 ہزار ہوچکی ہے اور ریاست میں یومیہ 30ہزار سے زائد کورونا وائرس کے معائنوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ ایک برس کے دوران معائنوں کو عام کئے جانے کے بعد سے اب تک 90 لاکھ سے زائد افراد کے معائنے کئے جاچکے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق ریاست میں فی الحال 20 سرکاری اور 60 خانگی لیباریٹریز میں کورونا وائرس کے معائنوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں پر کورونا وائرس کی جانچ کیلئے Rt-PCR کے علاوہ دیگر معائنے کئے جا رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے اب بھی ریاست میں جملہ 1076 مراکز پر ریاپڈ اینٹی جین معائنو ںکا سلسلہ جاری ہے اور جن مریضوں کو ریاپڈ اینٹی جین معائنہ میں کورونا وائرس کی توثیق ہورہی ہے ان کے RT-PCR ٹسٹ کئے جا رہے ہیں ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کے سب ہونے والی اموات کی شرح 0.54ہی رہی جبکہ قومی سطح پر کورونا وائرس کے سبب فوت ہونے والوں کی شرح 1.4فیصد ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ تلنگانہ میں جاری معائنوں کے سلسلہ میں عہدیدارو ںنے بتایا کہ ریاستی حکومت کی ہدایت کے بعد محکمہ صحت کی جانب سے جو انتظامات کئے گئے ہیں وہ عالمی ادارۂ صحت کے اصولوں کے مطابق کئے گئے ہیں اور اس بات کی کوشش کی جا رہی ہے کہ جہاں تک ممکن ہوسکے شہریوں کے معائنوں کو یقینی بنایا جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونا وائرس کے سبب فوت ہونے والوں کی مجموعی تعداد میں 55.04 فیصد ایسے لوگ تھے جو کہ کورونا سے قبل دیگر عوارض میں مبتلاء تھے جبکہ 44.96فیصد متوفیوں کی اموات کورونا وائرس کے سبب ہی ہوئی ہے۔ ریاست میں محکمہ صحت کی کارکردگی کے سلسلہ میں حکومت کے علاوہ عوام کی جانب سے بھی اطمینان ظاہر کئے جانے کا دعویٰ کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے بروقت اقدامات کرتے ہوئے معائنوں کے انتظامات کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے گئے ہیں اور ریاست میں سرکاری دواخانوں کے علاوہ خصوصی مراکز پر کورونا وائرس کے معائنوں کے ذریعہ عوام میں تحفظ کا احساس پیدا کیا گیا اور انہیں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ اس ایک برس کے دوران محکمہ صحت نے عوام کا کافی اعتماد حاصل کیا ہے ۔