تلنگانہ میں یوم آزادی تقاریب کا روایتی جوش و خروش کے ساتھ انعقاد

   

Ferty9 Clinic

اضلاع میں ریاستی وزراء نے پرچم لہرایا ، پولیس کا گارڈ آف آرنر ، حکومت کی اسکیمات کی تشہیر

حیدرآباد۔/15 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ملک کا 75 واں یوم آزادی ریاست بھر میں روایتی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ راج بھون سے لیکر تمام سرکاری دفاتر اور سیاسی جماعتوں کے دفاتر میں جشن آزادی کے تحت پرچم کشائی انجام دی گئی۔ ٹی آر ایس، کانگریس، بی جے پی اور بائیں بازو جماعتوں کے دفاتر میں پرچم کشائی کے بعد مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا گیا۔ ریاستی وزراء نے مختلف اضلاع میں یوم آزادی تقاریب میں حصہ لیتے ہوئے پریڈ کی سلامی لی۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے راجنہ سرسلہ ضلع میں قومی پرچم لہرایا اور پولیس پریڈ کی سلامی لی۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاست کی ہمہ جہتی ترقی اور فلاحی اسکیمات کی تفصیلات بیان کی۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت ہر طبقہ کی یکساں ترقی کی خواہاں ہے۔ سدی پیٹ کیمپ آفس میں وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے قومی پرچم لہرایا اور عوام سے خطاب کیا۔ نلگنڈہ ضلع میں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پولیس پریڈ گراؤنڈ پر منعقدہ تقریب میں شرکت کی اور قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر پولیس نے گارڈ آف آرنر پیش کیا۔ محمود علی نے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ کو امن و ضبط اور ترقی کے معاملہ میں ملک کی سرفہرست ریاست قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے پولیس ڈپارٹمنٹ کی ترقی کیلئے خطیر فنڈز جاری کئے جس کے ذریعہ پولیس کو عصری ٹکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے۔ جگتیال ضلع میں وزیر ایس سی ویلفیر کے ایشور نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ کی سلامی لی۔ بھونگیر ضلع میں گورنمنٹ وہپ جی سنیتا نے قومی پرچم لہرایا اور خطاب کیا۔ گدوال ضلع میں گورنمنٹ وہپ دامودھر ریڈی نے پریڈ گراؤنڈ میں قومی پرچم لہرایا اور گارڈ آف آرنر کی سلامی لی۔ بھوپال پلی ضلع میں گورنمنٹ وہپ بھانو پرکاش راؤ نے سرکاری تقریب میں قومی پرچم لہرایا ۔ ونپرتی ضلع ہیڈ کوارٹر پر پالی ٹیکنک کالج گراؤنڈ پر منعقدہ جشن آزادی تقریب میں ریاستی وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے شرکت کی اور قومی پرچم لہراکر پریڈ کی سلامی لی۔ اس موقع پر کلکٹر شیخ یاسمین باشا اور سپرنٹنڈنٹ پولیس اپوروا راؤ اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما نے پداپلی ضلع میں پریڈ گراؤنڈ پر قومی پرچم لہرایا اور گارڈ آف آرنر کا معائنہ کیا۔ وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے جنگاؤں میں جشن آزادی تقریب میں شرکت کی اور قومی پرچم لہرایا۔ انہوں نے گارڈ آف آرنر کی سلامی قبول کی ۔ دیاکر راؤ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں مشن بھگیرتا پروگراموں کے تحت 830 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھگیرتا کے تحت ہر گھر کو پائپ لائن کے ذریعہ پانی کی سربراہی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور یہ کام ریاست بھر میں تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 50 ہزار تک کے قرضہ جات کی معافی اسکیم کے تحت 37 کروڑ 94 لاکھ روپئے 11957 کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کئے گئے ہیں۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ پلے پرگتی اور پٹنا پرگتی پروگرام کے تحت کئی نئی اسکیمات شروع کی گئی ہیں۔ ضلع کلکٹر نکھل، ضلع پریشد صدرنشین پی سمپت ریڈی، رکن اسمبلی یادگیری ریڈی اور عوامی نمائندے اس موقع پر موجود تھے۔