حیدرآباد 27 نومبر ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ میں یکم ڈسمبر تک ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ نے کہا کہ تلنگانہ میں کچھ مقامات پر آئندہ چار دن کے دوران اوسط بارش ہوسکتی ہے کیونکہ ہوائیں شمال مشرقی سمت سے چل رہی ہیں۔ان ہواوں کے نتیجہ میں مغربی جزائر انڈمان کے آس پاس ہوا کے دباؤ میں کمی پیدا ہوسکتی ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ اگر یہ صورتحال مستحکم رہی تو پھر جنوب اور جنوب مشرقی سمت میں بھی ہوائیں چل سکتی ہیں۔ محکمہ نے کہا کہ یکم ڈسمبر تک تلنگانہ میں چند ایک مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد اور اطراف میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا ۔ صبح کے اوقات میں موسم سرد رہے گا اور کہر ہوسکتا ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 30 ڈگری سلسئیس اور اقل ترین 16 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہوسکتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ریاست میں سردی کی لہر زور پکڑ رہی ہے اور محبوب نگر میں سلکا پور میں درجہ حرارت 12.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ۔