حیدرآباد: نیشنل لیگل سرویسس اتھاریٹی(این ایل ایس اے )نے تمام طرح کے دیوانی اور قابل جرمانہ فوجداری معاملات کے تصفیہ کیلئے ملک بھرمیں تمام سطحوں سپریم کورٹ سے تعلقہ عدالت تک 10اپریل کو نیشنل لوک عدالت منعقد کرنے کی تجویز پیش کی ہے ۔اس کے حصہ کے طورپر چیف جسٹس،سرپرست اعلی و اگزیکیٹیو چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسس اتھاریٹی کی نگرانی میں نیشنل لوک عدالت اس دن ریاست بھر میں منعقد کی جائے گی تاکہ تمام طرح کے دیوانی اور قابل جرمانہ فوجداری معاملات کا تصفیہ کیاجاسکے۔ جی انوپما چکرورتی ممبر سکریٹری ڈسٹرکٹ اینڈسیشنس جج نے پریس نوٹ میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ لوک عدالت کی خدمات بغیر کسی صرفہ یا پھر فیس کے ہوگی۔ زیرالتوا معاملات میں اگر عدالت کی فیس جمع کروائی گئی ہے تو لوک عدالت کے ذریعہ معاملہ کے تصفیہ کی صورت میں یہ فیس واپس کردی جائے گی۔عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ لوک عدالت کے میکانزم سے استفادہ کریں تاکہ آئندہ ہفتہ نیشنل لوک عدالت میں معاملات کا تصفیہ کیاجاسکے ۔