تلنگانہ میں 10 مئی سے ایمسیٹ امتحان کے انعقاد کا فیصلہ

   

ایک دو دن میں سرکاری باضابطہ اعلان متوقع ، جاریہ ہفتہ شیڈول کی اجرائی کا امکان
حیدرآباد /4 جنو ری، ( سیاست نیوز) ٹی ایس ایمسٹ ( انجینئرنگ ۔ فارمیسی ) کے امتحانات 10 مئی سے منعقد کرنے کا محکمہ تعلیم نے فیصلہ کیا ہے۔ ایک دو دن میں سرکاری طور پر ایمسٹ امتحانات کا اعلان کیا جائے گا۔ دو دن تک چار سیشنس میں اگریکلچر و میڈیکل شعبہ کے تین دن میں 6 سیشنس میں انجینئرنگ شعبہ کیلئے امتحانات کا انعقاد عمل میںآئیگا۔ ایمسٹ کے انعقاد سے قبل یا بعد میں بی ٹیک میں لیٹرل انٹری کیلئے ای سیٹ کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔ ایک ہی دن میں دو یا تین سیشنس میں ای سیٹ امتحان کا انعقاد کیا جائیگا۔ ایمسٹ کے ساتھ ہی ای سیٹ، ایڈ سیٹ، آئی سیٹ، لاء سیٹ داخلہ امتحانات کا شیڈول اندرون ایک ہفتہ جاری کئے جانے کے قوی امکانات ہیں۔ تمام امتحانات آن لائن منعقد کئے جارہے ہیں ۔ ان دنوں دوسرے امتحانات نہ ٹکرائیں اس کا خاص خیال رکھا جارہا ہے۔ محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں اور ٹی سی ایس کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے تمام احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے امتحانی تواریخ کو قطعیت دی جارہی ہے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے چند دن قبل سکریٹریٹ میں محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے مسابقتی امتحانات کی تیاریوں کے بشمول دوسرے امور کا جائزہ لیا ہے۔ ساتھ ہی دسویں جماعت، انٹر میڈیٹ اور ایمسٹ امتحانات کے علاوہ دیگر امتحانات کے انعقاد میں احتیاطی اقدامات کرنے پر زور دیا۔ ماضی میں پیپرس کے افشاء اور دیگر بے قاعدگیوں کو دوبارہ نہ دہرانے کی ہدایت دی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ امتحانی بے قاعدگیوں سے طلبہ ذہنی طور پر دباؤ کا شکار ہورہے ہیں۔ امتحانات کے انعقاد اور اس سے قبل طلبہ کو خوشگوار اور پرامن ماحول فراہم کرنے پر زور دیا تھا۔2