نوٹیفکیشن جاری، 12 ہزار سرپنچ اور ایک لاکھ 12 ہزار وارڈ ممبرس کا انتخاب، الیکشن کمشنر کا بیان
حیدرآباد 25 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے پنچایت راج اداروں کے چناؤ کے لئے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر رانی کمودنی نے نوٹیفکیشن جاری کیا جس کے تحت ریاست بھر میں 12728 سرپنچ کے عہدوں اور 112242 وارڈ ممبرس کے عہدوں کے لئے 3 مراحل میں انتخابات ہوں گے۔ 11، 14 اور 17 ڈسمبر کو رائے دہی ہوگی۔ رائے دہی کا وقت صبح 7 تا دوپہر ایک بجے رہے گا اور اُسی دن دوپہر 2 بجے سے رائے شماری کا آغاز ہوگا اور نتیجہ کا اعلان کردیا جائے گا۔ الیکشن کمشنر نے کہاکہ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے ساتھ ہی ریاست بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہوچکا ہے۔ الیکشن کمیشن نے 29 ستمبر کو مجالس مقامی کے چناؤ کا شیڈول جاری کردیا تھا تاہم 9 اکٹوبر کو شیڈول پر حکم التواء جاری کیا گیا۔ کمیشن نے پنچایت راج اداروں کے علاوہ ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی اور میونسپلٹیز کے چناؤ کا شیڈول جاری کیا تھا تاہم 42 فیصد بی سی تحفظات پر ہائیکورٹ سے حکم التواء کے بعد حکومت نے پہلے مرحلہ میں صرف پنچایت راج اداروں کے انتخابات کا فیصلہ کیا جس کے تحت کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ رانی کمودنی نے بتایا کہ ریاست بھر میں دیہی علاقوں کے رائے دہندوں کی تعداد 1.66 کروڑ ہے۔ پہلے مرحلہ میں 4236 سرپنچ کی جائیدادوں اور 37440 وارڈس ممبرس کے لئے انتخابات ہوں گے۔ پہلے مرحلہ کے چناؤ کے لئے 27 نومبر سے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا۔ دوسرے مرحلہ کے لئے 30 نومبر جبکہ تیسرے مرحلہ کے لئے 3 ڈسمبر سے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے جاسکیں گے۔ دوسرے مرحلہ میں 4333 سرپنچ اور 38350 وارڈ ممبرس کے لئے رائے دہی ہوگی جبکہ تیسرے مرحلہ میں 4159 سرپنچ اور 36452 وارڈ ممبرس کی جائیدادوں کے لئے چناؤ ہوگا۔ تلنگانہ کی 25 گرام پنچایتوں میں ہائیکورٹ کے احکامات کے پیش نظر انتخابات نہیں ہوں گے اور عدالت کے قطعی فیصلہ کے بعد ہی چناؤ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں 29 نومبر، دوسرے میں 2 ڈسمبر اور تیسرے مرحلہ کے لئے 5 ڈسمبر تک پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی سہولت رہے گی۔ دوسرے دن پرچہ جات نامزدگی کی جانچ ہوگی اور اُسی دن امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں 3 ڈسمبر، دوسرے مرحلہ میں 6 ڈسمبر اور تیسرے مرحلہ میں 9 ڈسمبر تک نام واپس لینے کی اجازت رہے گی۔ کمیشن نے رائے دہی اور نتیجہ کے اعلان کو ایک ہی دن میں مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔1
