محکمہ موسمیات کا اشارہ ، شہر کے مکینوں میں خوف کا ماحول
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں آئندہ تین یوم کے دوران بارش اور 12 جون کو شدید موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں مانسون کے سرگرم ہونے کے ساتھ ہی ریاست میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی جائے گی۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر میں مخدوش عمارتوں کے انہدام و تخلیہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود شہر کے ان علاقوں کے مکینوں میں اب بارش کا خوف ریکارڈ کیا جانے لگا ہے جن علاقو ںمیں سال گذشتہ بارش کے سبب تباہی آئی تھی لیکن اس کے بعد بھی اب تک ان علاقوں کی حالت کو بہتر بنانے کے علاوہ نالوں پر موجود قبضہ جات کی برخواستگی یا نالوں کو بہتر بنانے کے اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں مانسون کے سرگرم ہونے کے ساتھ ہی شدید بارش کا آغاز ہوجائے گا۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر حیدرآباد میں ایمرجنسی عملہ کو متحرک کردیا ہے لیکن شہر کے بارش سے متاثرہونے والے علاقو ںمیں پانی کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے کوئی مستقل اقدامات نہ کئے جانے کے سبب ان علاقوں کے مکین اپنے رشتہ داروں کے مکانوں میں منتقل ہونے پر غور کر رہے ہیںکیونکہ انہیں اس بات کا خدشہ ہے کہ اگر دوبارہ شدید موسلادھار بارش ہوتی ہے تو ایسی صورت میں ان کے مکانات میں پانی داخل ہوسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کئے جانے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہوا کے دباؤ میں کمی اور سرگرم مانسون کی آمد کے پیش نظر کہا جا رہاہے کہ 12 جون کو زبردست بارش شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے تمام اضلاع میں ریکارڈ کی جائے گی۔ پڑوسی ریاستوں میں مانسون کے سرگرم ہونے کے اثرات تلنگانہ کے کئی اضلاع میں دیکھے جانے لگے ہیں اور ضلع ورنگل میں موسلادھار بارش اور نشیبی علاقوں کے مکانات میں پانی داخل ہونے کے ساتھ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدار متحرک ہوچکے ہیں اور کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر لوکیش کمار نے اپنے ماتحت عہدیدارو ںکو مخدوش عمارتوں کے تخلیہ اور انہدام کی کاروائی کو تیز کرنے کے علاوہ جن مقامات پر تعمیری کام جاری ہیں ان مقامات پر اس بات کا جائزہ لیا جائے کہ اگر تعمیری رقبہ پر سیلر کی کھدوائی کی گئی ہے تو اطراف کی عمارتو ںکو محفوظ بنایا جائے اور سیلر کی کھدائی اگر جاری ہے تو اسے فوری طور پر روک دیا جائے۔ محکمہ موسمیات نے ریاستی حکومت کو روانہ کردہ انتباہ میں واضح کیا ہے کہ ریاست میں آئندہ 72گھنٹوں میں مانسون شدت کے ساتھ سرگرم ہوجائے گا اور 11او ر 12 جون کی درمیانی شب سے موسلادھار بارش ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے۔