1,13,354 پولنگ مراکز، 45ہزار رائے دہندوں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف
نلگنڈہ میں 848 اور مڑجل میں صرف 61 نشست
حیدرآباد۔/2جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ الیکشن کمشنر این ناگی ریڈی نے تلنگانہ کے 30 اضلاع میں منعقد ہونے والے گرام پنچایت کے انتخابات کا اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ 3 مرحلوں میں رائے دہی ہوگی۔ 7جنوری سے نوٹیفکیشن کا اعلان ہوا ہے۔25 جنوری کو پہلی رائے دہی ہوگی۔ دوسرے مرحلہ کی رائے دہی 27 جنوری کو ہوگی اور 30جنوری کو تیسرے مرحلے کی رائے دہی ہوگی۔ تلنگانہ میں جملہ 12751 گرام پنچایت کی نشستوں پر رائے دہی ہوگی جس کے لئے ایک لاکھ 13 ہزار 354 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں جبکہ ایک کروڑ 49 لاکھ 52 ہزار 53 رائے دہندوں کی تعداد موجود ہے۔ جس میں خواتین رائے دہندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اس بار 43 ہزار ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کردیئے گئے ہیں۔ ضلع نلگنڈہ میں سب سے زیادہ نشستیں موجود ہیں جبکہ سب سے کم مڑجل علاقہ میں 61 شامل ہیں۔ تلنگانہ میں انتخابی اعلامیہ جاری ہونے کے ساتھ ہی سیاسی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔ الیکشن کمشنر نے اس بات کا بھی اعلان کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے جاری فلاحی اسکیمات کو فوری دیا جائے ۔ سنکرانتی تہوار کے موقع پر غریب عوام میں حکومت کی طرف سے جو ساڑیاں تقسیم کی جارہی تھیں اُسے بھی روک دیا گیا ہے۔ تلنگانہ الیکشن کمشنر نے اس بات کا بھی فیصلہ کیا ہے کہ اس بار تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات بیالٹ پیپر کے ذریعہ منعقد ہوں گے۔ ان بیالٹ پیپر پر وی وی پیاٹ کا نشان بھی موجود ہوگا۔ انتخابی اعلامیہ کے بعد تلنگانہ حکومت کی کابینہ توسیع کو بھی روک دیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے سیاسی قائدین کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔