تلنگانہ میں 13 جنوری کو حج قرعہ اندازی

   

آندھراپردیش میں کل قرعہ مقرر ، حج کمیٹی آف انڈیا کے احکامات
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ میں 13 جنوری کو حج 2020 ء کے عازمین کے انتخاب کے لئے قرعہ اندازی کی تاریخ طئے کی ہے۔ ڈپٹی چیف اگزیکیٹیو آفیسر فضل احمد صدیقی نے 14 ریاستوں کی حج کمیٹیوں کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے قرعہ اندازی کی تاریخوں سے واقف کرایا۔ آندھراپردیش میں 10 جنوری اور تلنگانہ میں 13 جنوری کی تاریخ طئے کی گئی ۔ حج کمیٹی نے تلنگانہ کیلئے پہلے 11 جنوری کی تاریخ طئے کی تھی تاہم انتظامات کے سلسلہ میں تلنگانہ حج کمیٹی نے تاریخ میں تبدیلی کی خواہش کی جس پر 13 جنوری کو قرعہ اندازی مقرر کی گئی ہے۔ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کو تقریباً 13,000 درخواستیں موصول ہوئیں جو گزشتہ کے مقابلہ کم ہیں۔ قرعہ اندازی کے مقام کا بہت جلد اعلان کیا جائے گا۔ دوسری طرف آندھراپردیش میں کڑپہ کے ضلع پریشد ہال میں 10 جنوری کو سہ پہر 4.30 بجے قرعہ اندازی مقرر ہے۔ آندھراپردیش کے 3140 درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی ہوگی جبکہ 70 سال سے زائد عمر کے 88 درخواست گزاروں کا انتخاب قرعہ اندازی کے بغیر ہوجائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا تمام ریاستوں کیلئے حج کوٹہ کا بہت جلد اعلان کردے گی۔