تلنگانہ میں 14 جولائی سے نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز

   

تنگا ترتی اسمبلی حلقہ میں چیف منسٹر کی شرکت، وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی کا اعلان
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے اعلان کیا کہ حکومت 14 جولائی سے نئے راشن کارڈس کی تقسیم کا آغاز کرے گی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی تنگا ترتی اسمبلی حلقہ میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے ہمراہ نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا آغاز کریں گے۔ اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ ضلع کلکٹریٹ میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا۔ انہوں نے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ 13 جولائی تک تمام درخواستوں کی جانچ کا کام مکمل کرلیا جائے اور کوئی بھی مستحق خاندان محروم نہ رہے۔ انہوں نے استفادہ کنندگان کا انتخاب شفافیت اور کرپشن کے بغیر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ حکومت ہر مستحق خاندان کو کسی بھی امتیاز کے بغیر راشن کارڈ فراہم کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ماہ میں دو مرتبہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے راشن کارڈس کی اجرائی کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہر شخص کو راشن کارڈ پر فی کس 6 کیلو چاول کی سربراہی اسکیم کے تحت ہر ماہ تقریباً 3.10 کروڑ افراد استفادہ کر رہے ہیں جو آبادی کا 84 فیصد ہے۔ سرکاری خزانہ پر سالانہ 13000 کروڑ کا خرچ آئے گا۔ جون ، جولائی اور اگست میں حکومت نے ایک ہی دفعہ تین ماہ کا چاول جاری کیا ہے۔ ہر شخص کو 18 کیلو چاول اور انتودیا فیملی کو 105 کیلو جبکہ انا پورنا فیملی کو فی کس 30 کیلو چاول سربراہ کیا گیا۔ انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت پر فوڈ سیکوریٹی اور راشن کارڈس کی اجرائی میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ 2014 میں تلنگانہ کی تشکیل کے وقت ریاست میں سفید راشن کارڈس کی تعداد 89.73 لاکھ تھی اور بی آر ایس نے 10 برسوں میں محض 49000 نئے کارڈس جاری کئے اور لاکھوں مستحق خاندانوں کو محروم کردیا۔ کانگریس حکومت میں راشن کارڈ کے لئے لاکھوں درخواستیں داخل کی گئیں جن کی جانچ کا کام مختلف مراحل میں ہے۔ اتم کمار ریڈی نے نلگنڈہ ضلع کے زیر تکمیل آبپاشی پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ پراجکٹس کی پیشرفت کا وقتاً فوقتاً جائزہ لیا جائے۔ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور وزیر بہبودی ایس سی ، ایس ٹی و اقلیت اے لکشمن کمار بھی اجلاس میں شریک تھے۔ نلگنڈہ ، سوریا پیٹ اور بھونگیر کے ضلع کلکٹرس کے علاوہ مقامی عوامی نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔1