حکومت سے اجازت کیلئے سفارش، ماباقی امتحانات یا پھر ایک ہی پرچہ میں امتحانات کی تجویز
حیدرآباد۔3مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں 15جون سے ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کے سلسلہ میں اعلی سطحی اجلاس میں جائزہ لیا گیا اور کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اجازت کے حصول کے بعد 15جون سے ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد کے فیصلہ کو قطعیت دے دی جائے گی ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق محکمہ تعلیم کے اعلی عہدیداروں کی جانب سے ریاستی حکومت کو روانہ کردہ تجاویز میں اس بات کی تجویز پیش کی گئی ہے کہ 15 جون سے سماجی فاصلہ کی برقراری کے ساتھ امتحانات کے انعقاد کویقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں لیکن حکومت کی جانب سے تاحال اس سلسلہ میں کوئی توثیق نہیں کی گئی ہے لیکن ماہرین تعلیم کی جانب سے ایس ایس سی طلبہ کو بغیر امتحان کے پاس کئے جانے کی مخالفت کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ ایس ایس سی اعلی تعلیم کیلئے بنیادی سیڑھی تصور کی جاتی ہے اور ان حالات میں اگر ایس ایس سی میں تمام طلبہ کو پاس کردیا جاتا ہے تو اس کے طویل مدتی منفی اثرات برقرار رہیں گے اسی لئے امتحانات کے انعقاد اور پرچوں کی تنقیح کے بعد ہی اس سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے۔ محکمہ تعلیم نے ماہرین تعلیم کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز کا جائزہ لینے کے علاوہ دیگر امور کو زیر بحث لانے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ریاستی حکومت کو روانہ کی جانے والی تجاویزمیں معمول کے مطابق 15جون سے سماجی فاصلہ اور دوری کے ساتھ امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے یا پھر تمام امتحانات کا مجموعی پرچہ تیار کرتے ہوئے ایک ہی پرچہ میں مکمل امتحان کا احاطہ کیا جائے اور اس ایک پرچہ کی بنیاد پر ایس ایس سی کے نتائج جاری کئے جائیں یا پھر تمام طلبہ کیلئے آن لائن امتحانات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں تاکہ کسی خدشہ کے بغیر امتحانات کے انعقاد کو ممکن بنایا جاسکے۔محکمہ تعلیم کے عہدیدارو ںکا کہناہے کہ آن لائن امتحانات کے متعلق بیشتر طلبہ کو علم نہیں ہے اسی لئے آن لائن امتحانا ت کے انعقاد کو خارج از بحث تصور کیا جانا چاہئے اس کے بعد حکومت کے آگے دو ہی طریقہ کار باقی رہ جاتے ہیں جن میں معمول کے مطابق امتحانات کا انعقاد کیاجائے یا ایک پرچہ میں تمام مضامین کے سوالات شامل کرتے ہوئے اس پرچہ کی تنقیح کی بنیاد پر نتائج جاری کئے جائیں۔بتایاجاتا ہے کہ ماہرین تعلیم کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کی بنیاد پر محکمہ تعلیم کی جانب سے 15جون سے سماجی فاصلہ کے ساتھ ایس ایس سی امتحانات کے انعقاد پر غور کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ ریاست تلنگانہ میں ایس ایس سی امتحانات کا آغاز ہوچکا تھا اور ایس ایس سی کے تین پرچوں کے امتحانات بھی مکمل کرلئے گئے تھے لیکن تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے دیئے گئے فیصلہ کے بعد ایس ایس سی امتحانات کو غیر معینہ مدت کیلئے کورونا وائرس لاک ڈاؤن اور احتیاط کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا تھا اور یکم تا نویں جماعت کے طلبہ کو ریاستی حکومت نے بغیر امتحانات کے اگلی کلاس میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔