15 ہزار چھوٹی اور اوسط صنعتوں کا قیام، آؤٹ رنگ روڈ کے تحت صنعتی ترقی کا منصوبہ
حیدرآباد۔ 29 جون (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے ذریعہ مختلف شعبہ جات میں ترقی کی راہ ہموار کرنے کے لئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ سریدھر بابو انڈسٹریل انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکسپو 2025 کی اختتامی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام فیڈریشن آف تلنگانہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہائی ٹیکس نے کیا تھا۔ سریدھر بابو نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں عوامی حکومت اختراعی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ریاست کی ترقی کی خواہاں ہے جس کے لئے سرمایہ کاری میں اضافے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جاریہ مالیاتی سال کے پہلے سہ ماہی میں ریاست میں صنعتی پیداوار میں 2.9 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ قومی سطح پر یہ اضافہ 0.52 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی کھپت میں 15.6 فیصد، جی ایس ٹی کلکشن میں 9.8 فیصد اور پے رول انرولمنٹس میں 13.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے اور یہ تمام ریاست کی تیز رفتار صنعتی ترقی کو ثابت کرتے ہیں۔ سریدھر بابو نے کہا کہ محض 18 ماہ میں 3 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدات کئے گئے جن میں لائیف سائنسیس شعبہ میں 40 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ ریاست میں 150 نئے پراجکٹس کا آغاز ہوا جس کے نتیجہ میں راست طور پر 51 ہزار افراد اور بالواسطہ طور پر 1.5 لاکھ افراد کو روزگار حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیوچر سٹی، آرٹیفیشل انٹلیجنس سٹی، لائیف سائنسیس سٹی اور گرین انڈسٹریل کاریڈارس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا جو عالمی معیارات کے مطابق ہوں گے۔ آؤٹر رنگ روڈ کے حدود اور اس کے باہر مینوفیکچرنگ زونس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگریکلچرل اور رورل انوویشن زون ریجنل رنگ روڈ کے باہر قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صرف 5 سال کے لئے پالیسیاں تیار نہیں کررہی ہے بلکہ 2035 تک ریاست کی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر اور 2047 تک تین ٹریلین ڈالر تک پہنچانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ٹونی بلیئر نے تلنگانہ رائزنگ 2047 ویژن کی تکمیل میں تعاون کا یقین دلایا ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت چھوٹی اور اوسط درجہ کی صنعتوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ گزشتہ 18 ماہ میں 15 ہزار سے زائد چھوٹی اور اوسط صنعتیں قائم کی گئیں جو تلنگانہ کی مجموعی ترقی میں 10 فیصد کی حصہ داری ادا کرتے ہیں۔ فیڈریشن آف تلنگانہ چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ڈاکٹر سریش کمار سنگھل، نائب صدر روی کمار، نائب صدر کے کے مہیشوری اور کنوینر وی گپتا نے بھی مخاطب کیا۔ 1