حیدرآباد : محکمہ صحت و خاندانی بہبود نے تلنگانہ میں 17 جنوری سے پلس پولیو پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جملہ 38 لاکھ بچوں کو پولیو خوراک پلانے کی تیاریاں مکمل کرلی ہے۔ عہدیداروں کی جانب سے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے 23 ہزار بوتھس کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس پروگرام میں نومولود کے ساتھ 5 سالہ عمر کے بچوں کو پولیو خوراک پلانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ کوروناوائرس کے پیش نظر اعلیٰ عہدیداروں نے پلس پولیو پروگرام کیلئے خصوصی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں اور رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے اضلاع کے عہدیداروں کو اس پر خاص توجہ دینے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ پولیس سنٹرس کے پاس تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ مقررہ تواریخ میں پولیو خوراک نا لینے والے بچوں کیلئے مزید دو دن گھر گھر پہنچ کر پولیو خوراک پلانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
