تلنگانہ میں 17 ستمبر کوبی جے پی اور کانگریس کے جلسوں سے سیاسی گرمی!

   

نرمل میں امیت شاہ اور گجویل میں ملکارجن کھرگے کی آمد،سقوطِ حیدرآباد اور دلتوں کے نام پر اپوزیشن کا حکومت پر حملہ
حیدرآباد۔/14ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں یوں تو حضورآباد ضمنی چناؤ کے ضمن میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں لیکن 17 ستمبر کو سقوطِ حیدرآباد کے دن بی جے پی اور کانگریس کے دو بڑے جلسوں کے نتیجہ میں سیاسی ماحول اور بھی گرما جائے گا۔ بی جے پی نے سقوطِ حیدرآباد کے دن کو یوم نجات اور یوم آزادی کے طور پر مناتے ہوئے نرمل میں بڑے جلسہ عام کا فیصلہ کیا ہے جس میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ شرکت کریں گے تو دوسری طرف چیف منسٹر کے سی آر کے انتخابی حلقہ میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے ایک لاکھ افراد کے ساتھ دلت اور گریجن جلسہ عام کا اعلان کیا جس میں راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور دلتوں کے قومی سطح کے قائد ملکارجن کھرگے شرکت کریں گے۔یہ جلسہ تلنگانہ میں دلت اور گریجنوں کے جلسوں کے تسلسل کا اختتامی جلسہ ہوگا۔ دونوں جلسے اگرچہ موضوعات کے اعتبار سے مختلف ہیں لیکن ریاست کی سیاست میں ہلچل پیدا کرنے کیلئے کافی ہیں۔ امیت شاہ کی بی جے پی کے جلسہ میں شرکت اور چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ میں کانگریس کی طاقت کا مظاہرہ آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ حضورآباد کے انتخابات میں جس قدر تاخیر ہورہی ہے اسی قدر سیاسی سرگرمیاں شدت اختیار کررہی ہیں۔ ٹی آر ایس نے ہریش راؤ کی قیادت میں وزراء کی ٹیم کو حضورآباد میں متعین کردیا ہے اور وہ انتخابی مہم میں کوئی کسر باقی رکھنے تیار نہیں۔ بائیں بازو کی جماعتوں سی پی آئی، سی پی ایم اور بعض دیگر جماعتوں نے بھی 17 ستمبر کو سقوطِ حیدرآباد کے دن پرچم کشائی اور دیگر پروگراموں کا اعلان کیا ہے تاکہ تلنگانہ مسلح جدوجہد کے شہیدوں کو خراج پیش کیا جائے۔ بی جے پی ہر سال 17 ستمبر کو سرکاری طور پر منانے کا مطالبہ کررہی ہے۔ واضح رہے کہ 17 ستمبر 1948 کو انڈین یونین میں حیدرآباد اسٹیٹ کا انضمام ہوا اور اسوقت کے وزیر داخلہ سردار پٹیل کی قیادت میں فوجی کارروائی کے بعد یہ انضمام ممکن ہوسکا۔ کانگریس نے دلتوں اور گریجنوں کے جلسوں کا 9 اگسٹ کو ہندوستان چھوڑ دو تحریک کے دن آغاز کیا تھا۔ گجویل کے جلسہ عام میں کانگریس کی جانب سے گزشتہ 7 برسوں میں کے سی آر حکومت کی ناکامیوں اور دلتوں اور ایس سی طبقات سے کئے گئے وعدوں کی عدم تکمیل پر چارج شیٹ جاری کی جائے گی۔R