تلنگانہ میں 178 الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کی منظوری

,

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد میں 118 ، ورنگل میں 10 اور کریم نگر میں 10 اسٹیشن قائم ہوں گے
حیدرآباد :۔ مرکزی حکومت نے تلنگانہ میں 178 الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے ۔ مرکزی حکومت سارے ملک میں آلودگی پر قابو پانے کے لیے الکٹرک گاڑیوں کو سڑکوں پر دوڑانے کے لیے حوصلہ افزائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ’ فیم انڈیا ‘ اسکیم کے تحت اس کو فروغ دیا جارہا ہے ۔ ریاست میں الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن کے قیام کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ رینبول انرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ نوڈل ایجنسی کے تحت کام کررہی ہے ۔ ایک ساتھ تین کاروں کی چارجنگ کرنے والے پلگ پوائنٹ اسٹیشن قائم کیے جارہے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں شہر حیدرآباد کے مقامی اداروں کے لیے 118 اسٹیشن قائم کرنے کی مرکز نے منظوری دی ہے ۔ اس طرح اضلاع ورنگل میں 10 اور کریم نگر میں 10 جملہ 138 چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کی منظوری حاصل ہوئی ہے ۔ یہ اسٹیشن سرکاری اداروں کی جانب سے ہی قائم کئے جائیں گے ۔ ساتھ ہی دوسرے مرحلے کے لیے بھی حیدرآباد و اس کے اطراف مزید 40 الکٹرک چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کی مرکزی حکومت نے منظوری دی ہے ۔ این ٹی پی سی ادارہ اپنے 32 الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کرے گا ۔ راجستھان الکٹرانکس انسٹرومینٹن لمٹیڈ 57 ، انرجی ایفشنسی سرویس لمٹیڈ 49 اسٹیشن قائم کرے گا ۔ ورنگل اور کریم نگر میں قائم ہونے والے 20 یونٹس آر ای آئی ایل کے ذمہ رہے گا ۔ دوسرے مرحلے میں منظوری حاصل کرنے والے 40 اسٹیشن کی ذمہ داری ابھی کسی ادارے کی سپرد نہیں کی گئی ۔ الکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے والے اداروں سے ڈسکامس نے فی یونٹ 6 روپئے وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سہولت سے استفادہ کرنے والوں سے فی یونٹ کتنا پیسہ وصول کیا جائے بہت جلد اس کا فیصلہ تلنگانہ اسٹیٹ رینبول انرجی ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ کرے گی ۔۔