تلنگانہ میں 18 جنوری کو حج قرعہ اندازی

   

حج ہاؤز نامپلی میں تقریب، 10 ہزار سے زائد درخواستیں
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حج 2020 ء کیلئے تلنگانہ میں عازمین حج کے انتخاب کیلئے قرعہ اندازی 18 جنوری 11 بجے دن حج ہاؤز نامپلی میں مقرر ہے ۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے تلنگانہ حج کمیٹی کی درخواست قبول کرتے ہوئے 18 جنوری کی تاریخ قرعہ اندازی کیلئے طئے کی ہے۔ قرعہ اندازی آن لائین رہے گی ۔ قرعہ اندازی سے قبل تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ کا اعلان کیا جائے گا ۔ جاریہ سال تلنگانہ حج کمیٹی کے جملہ 10613 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں عام زمرہ کے تحت 10143 درخواستیں شامل ہیں۔ 70 سال سے زائد عمر کے محفوظ زمرہ کے تحت 462 درخواستیں داخل کی گئیں جن کا قرعہ اندازی کے بغیر انتخاب عمل میں آئے گا۔ محرم کے بغیر حج کیلئے 2 کورس داخل کئے گئے جن میں 8 خواتین شامل ہیں ۔ حیدرآباد سے 6421 درخواستیں داخل کی گئیں جبکہ سب سے کم صرف دو درخواستیں راجنا سرسلہ ضلع سے داخل کی گئیں۔ گزشتہ پانچ برسوں سے حج درخواستوں کی تعداد میں بتدریج کمی واق ع ہوئی ہے۔ گزشتہ سال 13368 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جبکہ 4169 عازمین کا کوٹہ الاٹ کیا گیا تھا ۔ ویٹنگ لسٹ کے بشمول جملہ 5284 عازمین حج تلنگانہ سے روانہ ہوئے تھے۔ حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے پانچ ریاستوں کے جملہ 8316 عازمین کی روانگی عمل میں آئی تھی جن میں تلنگانہ 5284 ، آندھراپردیش 1410 ، کرناٹک 1256 ، مہاراشٹرا 227 اور ٹاملناڈو کے 139 عازمین شامل ہیں۔ ریاست میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں ضابطہ اخلاق نافذ ہے جس کے سبب قرعہ اندازی تقریب میں سیاسی شخصیتوں کو مدعو نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ گزشتہ سال بھی مجالس مقامی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کے سبب صرف عہدیداروں نے قرعہ اندازی تقریب میں شرکت کی تھی۔