2 برسوں میں برقی اداروں کی بہتر کارکردگی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے عہدیداروں اور ملازمین کو مبارکباد پیش کی
حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ریاست میں برقی شعبہ کی شاندار کارکردگی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ برقی میں 18139 میگاواٹ برقی کی ریکارڈ طلب کی کامیابی سے تکمیل کی ہے جو تلنگانہ کی تاریح کی اب تک کی سب سے زیادہ برقی طلب رہی۔ بھٹی وکرامارکا نے برقی اداروں کے عہدیداروں اور ملازمین کو اِس کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہاکہ مستقبل میں برقی طلب کی بڑھتی مانگ سے نمٹنے کے لئے منصوبہ بندی کی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی اداروں نے منگل کے دن ایک اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے ریاست کی تاریخ میں سب سے زیادہ برقی طلب کی تکمیل کی جو 18139 میگاواٹ تھی۔ اُنھوں نے سینئر عہدیداروں اور برقی کمپنیوں کے ملازمین کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ آئندہ بھی کسی خلل کے بغیر برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے جامع حکمت عملی تیار کی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی پیداوار اور سربراہی کے معاملہ میں تلنگانہ کے برقی اداروں نے بہتر تال میل کے ذریعہ ہر شعبہ کی طلب کے مطابق سربراہی عمل میں لائی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی طلب کے معاملہ میں مدھیہ پردیش اور راجستھان ملک میں سرفہرست ہیں۔ مدھیہ پردیش نے 19900 میگاواٹ اور راجستھان نے 19600 میگاواٹ برقی طلب کی تکمیل کی ہے۔ چھوٹی ریاست اور کم آبادی کے باوجود تلنگانہ نے اپنی صلاحیتوں کا غیرمعمولی مظاہرہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، فارماسیوٹیکلس، مینوفیکچرنگ اور آبپاشی شعبہ میں برقی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ 2023-24ء میں 8 مارچ کو 15623 میگاواٹ برقی طلب ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ 2024-25ء میں برقی طلب 17162 میگاواٹ درج کی گئی۔ جاریہ سال 18139 میگاواٹ برقی طلب کو کامیابی کے ساتھ پورا کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ برقی ادارے مستقبل کی ضروریات اور بڑھتی طلب سے بہتر طور پر نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کے تمام شعبہ جات کو بہتر سربراہی کا سلسلہ جاری ہے۔ گزشتہ 2 برسوں میں حکومت نے برقی شعبہ کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے کئی اصلاحات پر عمل کیا ہے۔1