مزید رعایتوںکا امکان ، محکمہ صحت کی رپورٹ کی بنیاد پر
عنقریب فیصلہ،تھیٹرس اور جمنازیم کو اجازت ممکن
حیدرآباد: تلنگانہ میں کورونا صورتحال میں بہتری کو دیکھتے ہوئے حکومت لاک ڈاون میں مزید رعایتوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق 19 جون کے بعد نائیٹ کرفیو مزید 10 دن کیلئے جاری رہے گا جبکہ تھیٹرس ، جمنازیم اور بارس کھولنے کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کی جس کی بنیاد پر 17 یا 18 جون کو چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ عہدیداروں سے مشاورت کرکے لاک ڈاؤن میں مزید نرمی کا فیصلہ کریں گے۔ جاریہ لاک ڈاؤن کی مدت 19 جون کو ختم ہورہی ہے۔ تاہم 19 جون کے بعد بتایا جاتا ہے کہ حکومت رات 9 بجے سے صبح 5 بجے تک نائیٹ کرفیو آئندہ 10 دن برقرار رکھے گی۔ اگر جون کے اواخر تک کورونا صورتحال مزید بہتر ہوتی ہے تو جولائی سے نائیٹ کرفیو بھی برخواست کیا جائیگا ۔ اس طرح جولائی میں لاک ڈاؤن یا نائیٹ کرفیو سے عوام کو نجات مل سکتی ہے ۔ نئی دہلی و دیگر ریاستوں میں لاک ڈاؤن میں نرمی پر حکومت نظر رکھے ہوئے ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں کورونا کیس پوری طرح قابو میں ہیں ۔ نلگنڈہ و کھمم کے چند علاقوں کو چھوڑ کر ریاست بھر میں صورتحال قابو میں ہے۔ امکان ہے کہ نلگنڈہ اور کھمم کے متاثرہ علاقوں میں مزید کچھ عرصہ لاک ڈاؤن کو برقرار رکھا جائے گا ۔ ریاست میں صبح 6 تا شام 6 بجے نرمی کے دوران سرکاری اورخانگی اداروں کی سرگرمیاں تقریباً بحال ہوچکی ہیں۔ تجارتی سرگرمیوںکی مکمل بحالی کیلئے نرمی کے اوقات میں اضافہ ضروری ہے ، لہذا حکومت 19 جون کے بعد نرمی کے اوقات میں رات 9 بجے تک توسیع پر غور کر رہی ہے۔ جس طرح دیگر ریاستوں میں تھیٹرس ، بارس اور جمنازیم کی سرگرمیوں کی اجازت دی گئی ، اسی طرح تلنگانہ حکومت پر بھی دباؤ برقرار ہے۔ توقع ہے کہ 19 جون کے بعد کئی شعبوں کیلئے رعایتوںکا اعلان ہوگا ۔ رات 9 بجے سے کرفیو پر عبادتگاہوں کو بھی کھولنے کی اجازت دی جاسکتی ہے ۔ اس کے علاوہ شادی تقاریب میں مہمانوںکی تعداد پر امتناع بھی ختم کئے جانے کا امکان ہے ۔ ریاست میں کورونا پازیٹیو شرح کے علاوہ ریکوری کی شرح میں بہتری ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں 20 اپریل سے نائیٹ کرفیو کا آغاز ہوا تھا جبکہ مئی میں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔
چیف سکریٹری نے گجویل مارکٹ یارڈ کا دورہ کیا
حیدرآباد: چیف سکریٹری سومیش کمار نے گجویل مارکٹ یارڈ کا اچانک دورہ کرکے وہاں سہولتوںکا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ گجویل انٹیگریٹیڈ ماڈل مارکٹ یارڈ میں انتہائی عصری سہولتیں ہیں اور یہ دیگر اضلاع کیلئے مثالی ہے۔ ریاست کی ہر میونسپلٹی میں ایسے مثالی مارکٹ یارڈ قائم کئے جائیں گے ۔ حکومت نے بجٹ میں 500 کروڑ روپئے مختص کئے ہیں۔ چیف سکریٹری نے کلکٹر ، و دیگر حکام کے ساتھ مارکٹ میں سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کا جائزہ لیا۔