ریاست کی خوشحالی بہتر سڑکوں سے ممکن، تلنگانہ میں 3900 کروڑ کے پراجکٹس کا سنگ بنیاد، آصف آباد میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے کہاکہ مرکزی حکومت آئندہ 3 تا 4 برسوں میں تلنگانہ میں 2 لاکھ کروڑ کے روڈ انفراسٹرکچر پراجکٹس کی تکمیل کرے گی۔ مرکزی وزیر نے آج متحدہ عادل آباد ضلع میں 3900 کروڑ مالیت کے مختلف روڈ پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا اور اُنھیں قوم کے نام معنون کیا۔ آصف آباد ضلع میں اِس سلسلہ میں تقریب منعقد کی گئی جس میں مرکزی وزراء کشن ریڈی، بنڈی سنجے کمار، ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، وزیر پنچایت راج ڈی انوسویا سیتکا اور دوسروں نے شرکت کی۔ نتن گڈکری نے کہاکہ تلنگانہ میں قومی شاہراہوں کی مسافت میں گزشتہ 10 برسوں کے دوران 5000 کیلو میٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ تلنگانہ کے 33 اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر کا کام مستقل طور پر جاری ہے۔ اُنھوں نے بتایا کہ تاحال 1.25 کروڑ کے کام مکمل ہوچکے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ تلنگانہ میں روڈ انفراسٹرکچر کے جو بھی کام مکمل کئے گئے یہ محض آغاز ہے۔ آنے والے 3 تا 4 برسوں میں تلنگانہ میں مزید 2 لاکھ کروڑ کے کام انجام دیئے جائیں گے۔ مذکورہ کاموں کی تکمیل کے بعد تلنگانہ کے امیج میں اضافہ ہوگا۔ نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت تلنگانہ کی ترقی میں تعاون کے لئے تیار ہے۔ اُنھوں نے مرکزی اسکیم امرت سروور کے تحت تلنگانہ میں آبی تحفظ سے متعلق پراجکٹس کی تکمیل کا پیشکش کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور دیگر وزراء تعاون کرتے ہیں تو مرکزی حکومت آبی پراجکٹس کا آغاز کرے گی۔ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت ملک کے 6.5 لاکھ مواضعات میں سڑکوں کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ 4.5 لاکھ مواضعات اسکیم سے استفادہ کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ متحدہ عادل آباد ضلع اپنی علیحدہ تاریخ رکھتا ہے۔ اِس علاقہ میں اراضی اور حقوق کے لئے جدوجہد کی گئی تھی۔ نتن گڈکری نے کہاکہ ریاستوں کے درمیان بہتر مواصلاتی رابطہ کیلئے مرکزی حکومت کئی پراجکٹس کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ریاستوں کو سڑک کے راستہ مربوط کرنے کے لئے عصری سہولتوں کے ساتھ قومی شاہراہوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ سوریہ پیٹ سے دیورا پلی تک گرین فیلڈ راہداری کا منصوبہ ہے۔ ناگپور تا وجئے واڑہ اور تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے درمیان سڑک رابطہ کو مستحکم کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کریم نگر، جگتیال اور دیگر اضلاع کے پراجکٹس کا ذکر کیا۔ مرکزی وزیر نے کہاکہ حیدرآباد میں ٹریفک مسائل کم کرنے کے لئے کئی پراجکٹس کئے گئے۔ عنبرپیٹ میں فلائی اوور کی تعمیر کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں فلائی اوورس کے تعمیری کام جاری ہیں۔ بہتر سڑکوں کو ریاست کی خوشحالی سے مربوط کرتے ہوئے نتن گڈکری نے کہاکہ امریکہ کی خوشحالی کا اہم سبب وہاں کی بہتر سڑکیں ہیں۔ اِسی طرح تلنگانہ میں اگر سڑکیں بہتر ہوں گی تو ریاست خوشحال رہے گی۔ نتن گڈکری نے کہاکہ بہتر سڑکیں ترقی کی ضامن ہوتی ہیں۔ مرکزی وزیر نے سرینگر اور جموں و کشمیر میں 36 سرنگوں کی تعمیر کا حوالہ دیا اور کہاکہ ملک کی تمام ریاستوں میں قومی شاہراہوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اُنھوں نے تلنگانہ حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ مرکزی اسکیمات میں تعاون کریں۔1