حکومت نے ایوشمان بھارت ہیلت اکاونٹ کی اجرائی میں تیزی پیدا کردی
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاست میں ڈیجیٹل ہیلت کارڈس کی اجرائی تیزی سے جاری ہے ۔ مرکزی حکومت کے ایوشمان بھارت ہیلت اکاونٹ ( ابھا ) کے ذریعہ تاحال ریاست میں 2.50 کروڑ عوام نے ہیلت کارڈ حاصل کیا جن میں 68 لاکھ لوگوں نے ہیلت رپورٹس کو ابھا سے منسلک بھی کردیا ہے ۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ صرف جولائی میں 2.36 لاکھ عوام نے اپنے ہیلت ریکارڈ کو ڈیجیٹل مربوط کیا ہے ۔ مرکز نے اس اسکیم کو ایوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کے تحت صحت کے ریکارڈ کو ڈیجیٹل کرنے اور موثر طبی خدمات فراہم کرنے متعارف کرایا ۔ نیشنل میڈیکل کمیشن ( این ایم سی ) نے حال میں محکمہ صحت کے حکام کو میڈیکل کالجس اور ٹیچنگ ہاسپٹلس میں او پی ۔ آئی پی اور ایمرجنسی مریضوں کیلئے ابھا آئی ڈی کو لازمی بنانے ہدایت دی ۔ آدھار نمبر ، ڈرائیورنگ لائسنس کے ذریعہ ابھا کارڈ حاصل کیا جاسکتا ہے ۔ ریاست کے تمام سرکاری ہاسپٹلس کا عملہ ابھا آئی ڈی تیار کر یگا ۔ بصورت دیگر مریض ایوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کے سرکاری ویب سائٹ abdm.gov.in پر حاصل کرسکتے ہیں ۔ ابھا کارڈ کو 14 ہندسوں کا منفرد نمبر دیا جائے گا ۔ اس نمبر کا استعمال میڈیکل ریکارڈ جیسے صحت کے مسائل ، لیبارٹری رپورٹس اور ادویات کی تفصیلات کو ڈیجیٹل درج کیا جاسکتا ہے ۔ مریض کے صحت کی مکمل تفصیلات اس ابھا اکاونٹ میں محفوظ رہے گی ۔ اکاونٹ اوپن کرنے پر مریض کونسے ہاسپٹل گیا ماضی میں کہاں علاج کرایا کونسی ادویات استعمال کیا کونسا ٹسٹ کرایا جیسی تفصیلات اکاونٹ میں درج ہوگی ۔ جس کی وجہ ڈاکٹرس مریض کے مسائل کو جلد سمجھ سکتے ہیں اور انہیں طبی خدمات فراہم کرنے سہولت ہوگی ۔ ابھا کارڈ سے مریضوں کو قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ ابھا ایپ کو فون میں ڈاؤن لوڈ کرکے ہاسپٹل QR کوڈ اسکیان کرنے پر ٹوکن حاصل ہوگا ۔ گھر سے ٹوکن حاصل کرنے کی سہولت ہوگی ۔ سرکاری ہاسپٹلس میں ابھا کارڈس کی اجرائی جاری ہے ۔ 35.8 لاکھ کارڈس کی اجرائی کے ساتھ حیدرآباد سرفہرست ہے ۔ رنگاریڈی میں ( 35.3 لاکھ ) کھمم میں ( 13.7 لاکھ ) نظام آباد میں ( 13.5 لاکھ ) ورنگل میں ( 12.7 لاکھ ) کے ساتھ ماباقی مقامات پر ہیں ۔ جملہ 2.50 کروڑ ابھا اکاونٹس میں 19-45 سال عمر کے 51 فیصد 46-18 سال عمر کے 14 فیصد 60 سال سے زیادہ عمر کے 12 فیصد افراد شامل ہیں ۔ 2