تلنگانہ میں 20 اپریل تک لاک ڈاؤن میںسختی سے عمل آوری

,

   

Ferty9 Clinic

کورونا وائرس کے 514 کیسس،128صحت یاب مریضوں کو آج ڈسچارج کیا جائیگا: کے سی آر

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ ان کی حکومت ریاست میں کورونا وائرس کے مشتبہ متاثرین کے طبی معائنے کرنے کیلئے بالکل تیار ہے ، ان کی تعداد کتنی ہی کیوں نہ ہو۔ تمام افراد کو موثر علاج کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے یہ واضح کیا کہ مرکز کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق 20 اپریل تک سخت لاک ڈاؤن جاری رہے گا ، اس کے بعد کی صورتحال کو ملحوظ رکھتے ہوئے ضروری تبدیلیاں کی جائیں گی ۔ عوام کو چاہئے کہ وہ پہلے کی طرح حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنی سرکاری رہائش گاہ اور کیمپ آفس پرگتی بھون میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کورونا وائرس کو پھیلنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر عمل آوری کا جائزہ لے رہے تھے ۔ انہوں نے غریبوں کو امداد رسانی ، زرعی پیداوار کی خریدی اور مرکز کے رہنمایانہ خطوط جیسے مسائل کا بھی جائزہ لیا۔ اس اجلاس میں وزیر صحت و طبابت ایٹلا راجندر، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈی جی پی مہیندر ریڈی ، پرنسپل سکریٹری (فینانس) ، راما کرشنا راؤ اور دوسروں نے شرکت کی ۔ وزیر صحت راجندر نے کورونا وائرس معائنوں کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور مستقبل میں درکار اقدامات کے بارے میں چیف منسٹر اور دوسروں کو تفصیلات سے واقف کروایا ۔ ا نہوں نے کہا کہ دواخانوں میں کورونا وائرس کے فی الحال 514 کیسس زیر علاج ہیں۔ چہارشنبہ کو 8 مریض صحت یابی کے بعد ڈسچارج کردیئے گئے ۔ دیگر 128 کل جمعرات کو ڈسچارج کئے جائیں گے ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ریاست میں لاک ڈاؤن پر انتہائی موثر انداز میں عمل آوری کی گئی ۔ عوام نے مثالی تعاون کیا اور عوام کو چاہئے کہ وہ آئندہ چند دن بھی حکومت سے مزید تعاون کریں اور لاک ڈاؤن کی مکمل پابندی برقرار رکھیں۔ مرکز کے رہنمایانہ خطوط کے مطابق ریاست میں 20 اپریل تک لاک ڈاؤن سختی کے ساتھ جاری رہے گا ۔ بعد ازاں صورتحال کو ملحوظ رکھتے ہوئے تبدیلیاں کی جائیں گی۔ عوام کو چاہئے کہ وہ لاک ڈاؤن کی ویسی ہی تائید کریں جیسا اب کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے اعلان کیا کہ ’’حکومت تلنگانہ ، خوفناک وباء کورونا وائرس کے خلاف جنگ چھیڑ چکی ہے اور مختلف دواخانوں میں 20,000 بستروں کا انتظام کیا جاچکا ہے۔ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سخت ترین اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ریاست کے عوام کے معائنوں کے لئے خاطر خواہ تعداد میں ٹسٹنگ کٹس موجود ہیں۔ تاحال 2.25 لاکھ پی پی ای کٹس حاصل کی جاچکی ہیں اور بہت جلد اس تعداد میں 5 لاکھ تک اضافہ کیا جائے گا کیونکہ ہم پانچ لاکھ کٹس کا آرڈر دے چکے ہیں جس کے آنے کے بعد ریاست میں 10 لاکھ کٹس دستیاب رہیں گے ‘‘۔ چیف منسٹر نے مزید کہا کہ ’’حکومت مختلف اقدامات کر رہی ہے تاکہ ریاست میں کوئی بھی بھوکا نہ رہے۔ سخت محنت کرنے والوں کیلئے نقد انعامات کا اعلان کیا جاچکا ہے ۔ غریب خاندانوں کے لئے ہم بینک کھاتوں میں فی کس 1500 روپئے جمع کرچکے ہیں۔ ہر خاندان کو 12 کیلو چاول کی تقسیم کا پروگرام مکمل ہوچکا ہے۔ صفائی کرم چاریوں ، بلدی و گرام پنچایت اسٹاف کیلئے بھی نقد انعامات کا اعلان کیا گیا ہے ۔ میڈیکل اسٹاف کو تنخواہ سے زائد 10 فیصد رقم ادا کی جائے گی ۔