تلنگانہ میں 20 سال تک ٹی آر ایس اقتدار میں رہے گی

   

2 ستمبر کو دہلی میں تلنگانہ بھون کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ ٹی آر ایس عاملہ سے چیف منسٹرکا خطاب

حیدرآباد۔ 24 ۔ اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست میں آئندہ 20 سال تک ٹی آر ایس برسر اقتدار رہے گی ۔ 2 ستمبر کو دہلی میں تلنگانہ بھون کا سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان کیا گیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں ٹی آر ایس ریاستی عاملہ کا اجلاس منعقد ہوا، اپنی صدارتی تقریر میں چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں سماج کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود اور ریاست کی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے تلنگانہ کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں اور ٹی آر ایس عوام کے دلوں میں گھر کرچکی ہے ۔ آئندہ بیس سال تک ریاست میں ٹی آر ایس کی حکمرانی رہے گی، اس موقع پر چیف منسٹر نے دلت بندھو اسکیم پر روشنی ڈالتے ہوئے پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ اس اسکیم سے دلتوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے ان کی ہر طرح سے رہنمائی کریں اور ساتھ ہی اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے عوام میں اس اسکیم کے تعلق سے جو شکوک و شبہات اور غلط فہمیاں پیدا کی جارہی ہیں، اس کا اجلاسوں ، پریسکانفرنس اور ٹیلی ویژن مباحث میں منہ توڑ جواب دیں۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات سارے ملک کے لئے مثالی ہیں اور عوام اس سے پوری طرح مطمئن بھی ہیں اور عوام کا دن بہ دن ٹی آر ایس پر اعتماد بڑھ رہا ہے جس سے اپوزیشن قائدین بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور حکومت کے خلاف جھوٹے من گھڑت الزامات عائد کر رہے ہیں ، اس اجلاس میں پارٹی کے استحکام بالخصوص تنظیمی انتخابات دیہی سطح سے ریاستی سطح تک پارٹی کی تشکیل جدید کے علاوہ دوسرے امور پر چیف منسٹر نے پارٹی قائدین کو مشورے دیئے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ نومبر کے پہلے ہفتہ میں پارٹی کا پلینری اجلاس منعقد ہوگا اور 2 ستمبر کو ملک کے دارالحکومت دہلی میں ٹی آر ایس پارٹی کے دفتر تلنگانہ کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس ح کومت سماج کے تمام طبقات سے انصاف کرنے اور ان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنے کے معاملے میں عہد کی پابند ہے ۔ مرحلہ واری اساس پر سماج کے تمام طبقات سے انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد پارٹی کے نئے اضلاع مدور کا اعلان کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ عنقریب بی سی بندھو اسکیم کے علاوہ دوسرے اسکیمات کا بھی اعلان کیا جائے گا ۔ N