اے آئی سی ٹی ای کو رجسٹرار جے این ٹی یو ۔ ایچ کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) رجسٹرار جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی، حیدرآباد (JNTU-H) نے آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن (اے آئی سی ٹی ای) کو ایک مکتوب تحریر کرتے ہوئے اس کونسل سے ریاست تلنگانہ میں کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ (CSE) اور متعلقہ برانچس کیلئے 20,000 اضافی سیٹس کیلئے اس کی منظوری کو منسوخ کرنے کیلئے کہا ہے۔ یونیورسٹی نے کہا کہ وہ 2024-25ء کیلئے سی ایس ای سیٹس میں مزید کوئی اضافہ نہیں چاہتے ہیں۔ جے این ٹی یو۔ ایچ کے رجسٹرار کے وینکٹیشور راؤ کے تحریر کردہ مکتوب میں کہا گیا کہ ’’اے آئی سی ٹی ای کی جانب سے سی ایس ای اور متعلقہ برانچس میں اضافی نشستوں کو منظوری دی جارہی ہے اور انجینئرنگ کے روایتی برانچس سیول، میکانیکل اور الیکٹریکل کو ضم، سلائیڈیا بند کرنے کیلئے بھی اداروں کو اجازت دی جارہی ہے۔ تاہم یہ انداز ہماری ریاست کی مستقبل کی ضرورت کیلئے پوری طرح موزوں نہیں ہوسکتا ہے‘‘۔