حیدرآباد ۔ 14۔نومبر (سیاست نیوز) مرکزی وزارت روڈ ٹرانسپورٹ نے قومی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لئے 2030 تک کے لئے ایک جامع منصوبہ کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں روڈ سیفٹی نیٹ ورک اور دیگر اداروں سے تعاون حاصل کیا جائے گا ۔ مرکزی وزارت کے اعداد و شمار کے مطابق 2023 کے تلنگانہ میں 22903 ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 7660 افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔ گزشتہ سال کے مقابلہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا ۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال 21619 ٹریفک حادثات میں 7559 اموات واقع ہوئی تھی ۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق حادثات کے نتیجہ میں ہندوستان کی جی ڈی پی پر سالانہ 3 سے 5 فیصد کا بوجھ پڑ رہا ہے ۔ ٹریفک قواعد پر عمل آوری اور شعور بیداری مہم کے باوجود تلنگانہ حادثات اور اموات میں ملک کی ٹاپ 10 ریاستوں میں شامل ہیں۔ ٹریفک حادثات کی اہم وجہ میں مقررہ رفتار سے زائد گاڑیوں کا چلانا ہے ۔ سروے کے مطابق 70 فیصد حادثات اوور اسپیڈ کے نتیجہ میں پیش آرہے ہیں۔ خانگی اداروں نے حادثات میں کمی کے لئے ایکشن پلان کی سفارش کی ہے۔1