تلنگانہ میں 2023 میں کانگریس کا اقتدار یقینی

   

پنچایت راج ٹریننگ کیمپ سے اتم کمار ریڈی اور میناکشی نٹراجن کا خطاب
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور اے آئی سی سی پنچایت راج سنگھٹن کی چیرپرسن میناکشی نٹراجن سابق ایم پی نے آج پٹن چیرو کے خانگی میڈیکل کالج میں پنچایت راج کے موضوع پر ٹریننگ کیمپ سے خطاب کیا ۔ تمام اضلاع کے دیہی اور شہری مجالس مقامی کے نمائندوں کے لئے ٹریننگ کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے مجالس مقامی کے منتخب نمائندوں سے اپیل کی کہ وہ کانگریس پارٹی کے استحکام کے لئے کام کریں ۔ انہوں نے کہا کہ 2023 ء اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے ناراض ہوکر رائے دہندوں میں کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرپنچوں ، ایم پی ٹی سی ، زیڈ پی ٹی سی ، منڈل پرجا پریشد ، میونسپل چیرمین اور کونسلرس کے لئے حکومت سے ترقیاتی فنڈس کی منظوری کیلئے جدوجہد کی جائے گی ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت نے مجالس مقامی کو نظرانداز کردیا ہے۔ کانگریس کے زیر اقتدار مجالس مقامی کو ترقیاتی فنڈس سے محروم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی عہدیداروں کا استعمال کرتے ہوئے معمولی کوتاہی پر سرپنچوں کو معطل کر رہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی میں مجالس مقامی کے نمائندے اہم رول ادا کرسکتے ہیں۔ کانگریس نے ملک میں پنچایت راج اداروں کے استحکام میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں پنچایت راج سنگھٹن کے تحت ٹریننگ کیمپس کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی توقعات کے مطابق خدمات انجام دیں۔