تلنگانہ میں 2025 میں جرائم کی شرح میں 2.33 فیصد کمی

   

سڑک حادثات میں اضافہ، ڈی جی پی شیودھر ریڈی کا سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب

حیدرآباد۔ 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں سال 2025 میں جرائم کی شرح میں مجموعی طور پر 2.33 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سالانہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ بی شیودھر ریڈی نے کہا کہ جاریہ سال جملہ 2,28,695 مقدمات درج کئے گئے جبکہ سال 2024 میں 2,34,158 درج کئے گئے تھے جس میں مجموعی طور پر 2.33 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ ریاستی پولیس سربراہ نے کہا کہ تلنگانہ میں آئی پی سی اور بی این ایس دفعات کے تحت درج کئے گئے مقدمات 1,67,018 ہے جبکہ سال 2024 میں 1,69,477 مقدمات درج کئے گئے تھے جس سے جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ شیودھر ریڈی نے کہا کہ ملک بھر میں سائبر کرائمس کی شرح میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور ملک بھر میں سال 2025 میں 41 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ریاست تلنگانہ میں سائبر کرائمس کے جرائم میں 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی نقصانات کی 21 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سائبر سیکوریٹی بیورو کی مسلسل کوششوں اور سائبر دھوکہ بازوں سے بچنے سے متعلق شعور بیداری پروگرامس کے ذریعہ یہ کمی ممکن ہوئی ہے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ سال 2025 میں قتل کے مقدمات میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی چونکہ جاریہ سال ریاست بھر میں 781 قتل کی وارداتیں پیش آئیں جبکہ سال 2024 میں 856 قتل کے مقدمات درج کئے گئے تھے۔ عصمت ریزی کے واقعات میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جاریہ سال 2549 کیسیس ریکارڈ کئے گئے جبکہ گزشتہ سال 2945 مقدمات درج کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ رہزنی کی وارداتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے کیونکہ جاریہ سال 512 کیسیس درج کئے گئے جبکہ گزشتہ سال 703 مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ فسادات کے مقدمات میں مثبت کمی دیکھی گئی چونکہ اس سال 186 کیسیس ریکارڈ کئے گئے جبکہ گزشتہ سال 324 کیسیس درج کئے گئے تھے۔ اغواء کے معاملوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی چونکہ جاریہ سال 1145 کیسیس درج کئے گئے تھے جبکہ سال 2024 میں 1525 کیسیس درج کئے گئے۔ اسی طرح سرقہ کی وارداتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جاریہ سال 17,700 کیسیس ریکارڈ کئے گئے ہیں جبکہ سال 2024 میں 19480 کیسیس درج کئے گئے تھے۔ دھوکہ دہی کے 28394 کیسیس ریکارڈ کئے گئے جبکہ گزشتہ سال 33618 کیسیس ریکارڈ کئے گئے تھے۔ اعتماد شکنی کے کیسیس میں معمولی اضافہ دیکھا گیا ۔ منشیات سے متعلق کیسیس میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ سال 2024 میں 1950 مقدمات کے مقابل جاریہ سال 2542 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ ریاست بھر میں جاریہ سال مہلک سڑک حادثات میں 5.68 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا ہے۔ سال 2025 میں 24826 سڑک حادثات ریکارڈ کئے گئے تھے جن میں 6499 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ 14768 افراد زخمی ہوئے ۔ حادثات کے باوجود اموات میں 7.9 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے کیونکہ گزشتہ سال کی بہ نسبت جاریہ سال صرف 557 اموات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ لا اینڈ آرڈر سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی جی پی شیودھر ریڈی نے کہا کہ سال 2025 تلنگانہ پولیس کے لئے انتہائی مصروف سال رہا ہے چونکہ مختلف مذاہب کے عید، تہوار کے بندوبست کے علاوہ شہر میں 3 بڑے بین الاقوامی سطح کے پروگرامس جن میں فیوچر سٹی میں منعقدہ گلوبل سمٹ، اُپل اسٹیڈیم میں منعقدہ لیونل میسی کے ساتھ فرینڈلی فٹبال میاچ اور گچی باؤلی اسٹیڈیم میں مس ورلڈ مقابلہ بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں سال 2025 میں ماؤسٹ پارٹی کو زبردست دھکہ لگا ہے کیونکہ اس سال 509 ماؤسٹوں نے خودسپردگی اختیار کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست سے تعلق رکھنے والے 53 سرگرم ماؤسٹ لیڈرس جو ہنوز روپوش ہیں انہیں سماجی دھارے میں شامل کرنے کے لئے کوشش جاری ہے اور ان کے افراد خاندان، دوست احباب اور مختلف ذرائع سے مذاکرات جاری ہیں۔ ڈی جی پی نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی تنظیم جدید کے بعد محکمہ پولیس میں بھی تبدیلیاں کی گئیں ہیں اور جی ایچ ایم سی حدود میں 4 کمشنریٹس قائم کئے گئے ہیں جن میں حیدرآباد، سائبر آباد، ملکاجگری (قدیم رچہ کنڈہ) اور فیوچر سٹی کمشنریٹ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں سال 2025 میں 45,137 سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب عمل میں لائی گئی ہے جبکہ گزشتہ سال 53,651 کیمرے لگائے گئے تھے۔ 17 ڈسمبر تک ریاست تلنگانہ میں 12,09,782 سی سی ٹی وی کیمرے کارکرد ہیں۔ ب