تلنگانہ میں 21 مئی تک طوفان کے اثرات

   

حیدرآباد۔بحر عرب میں طوفان ٹاوکٹے کے اثرات تلنگانہ پر 21 مئی تک دیکھے جائیں گے۔محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کئی اضلاع میں آئندہ تین یوم ہلکی اور تیز بارش ہو سکتی ہے کیونکہ پڑوسی ریاستوں میں تبدیلی موسم کے اثرات ہونے لگے ہیں۔محکمہ کے اعلامیہ میں حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کئی اضلاع میں آئندہ 72 گھنٹوں میں ہلکی اور تیز بارش جاری رہنے کا امکان ہے اس کے علاوہ کئی علاقوں میں موسم میں تبدیلی کا سلسلہ جاری رہے گا۔مہاراشٹرا کے ساحل سے طوفان کے ٹکرانے کے بعد حیدرآباد‘ نظام آباد‘ سدی پیٹ‘ کریم نگر‘ ورنگل‘نلگنڈہ کے علاوہ میدک اور دیگر اضلاع میں درجہ حرارت میں کمی آنے لگی اور آئندہ تین یوم میں بھی درجہ حرارت میں کمی آئیگی ۔ ملک کی کئی ریاستوں میں طوفان کے اثرات کے سبب بارش جاری ہے۔شہر میں کئی مقامات پر آج دن میں بھی بارش کے سبب سڑکیں جھیل میں تبدیل ہوگئیں اور پانی جمع ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تلنگانہ میں آئندہ تین یوم بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کے ساتھ محکمہ موسمیات نے کہا کہ اگر موسلادھار بارش ہوتی ہے تو نقصانات سے محفوظ رہنے اقدامات کرلیئے جائیں۔