آج ریاستی کابینہ کا اہم اجلاس، کے سی آر رعایتوں کے خلاف‘ گرین و آرینج زون میں قدرے نرمی ممکن
حیدرآباد ۔4 ۔ مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ میں 7 مئی کے بعد لاک ڈاون میں توسیع سے متعلق فیصلہ کیلئے کل 5 مئی کو کابینہ کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ تاہم سرکاری حلقوں میں یہ اطلاعات گشت کر رہی ہیں کہ کے سی آر حکومت لاک ڈاؤن میں مزید دو ہفتوں کی توسیع کرے گی ۔ مرکز نے پہلے ہی 17 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع کردی ہے۔ تلنگانہ میں ریاستی سطح کا لاک ڈاؤن 7 مئی تک برقرار رہے گا اور اس میں توسیع یا نرمی کے بارے میں فیصلہ کابینی اجلاس میں کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر لاک ڈاؤن میں کسی طرح کی نرمی کے خلاف ہیں۔ کورونا وائرس کے جائزہ اجلاسوں میں انہوں نے واضح کردیا کہ اگر لاک ڈاؤن میں نرمی دی گئی تو وائرس پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ مرکزی حکومت نے جس طرح گرین اور آرینج زون علاقوں میں رعایتیں دی ہیں ، اسی طرح تلنگانہ میں بھی گرین اور آرینج زون میں بعض تجارتی سرگرمیوں کی اجازت دی جا سکتی ہے ۔ ان علاقوں میں اشیائے ضروریہ اوراجناس کی منتقلی کیلئے ٹرانسپورٹ کی اجازت رہے گی۔ تعمیراتی سرگرمیوں کو بحال کرنے کا امکان ہے تاکہ مزدوروں کو کام ملے۔ دوسرے مرحلہ کا لاک ڈاؤن تلنگانہ میں 7 مئی تک جاری رہے گا تاہم اس میں 21 مئی تک توسیع کے امکانات روشن ہیں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے اگرچہ لاک ڈاؤن میں رعایت کی سفارش کی ہے ، تاہم چیف منسٹر موجودہ صورتحال میں رعایتوں کے مخالف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ تلنگانہ میں آئندہ ایک ماہ کے دوران وائرس کے پھیلاؤ میں اضافہ کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ لہذا چیف منسٹر لاک ڈاؤن میں توسیع پر بضد ہیں ۔ چیف منسٹر نے لاک ڈاؤن کے سلسلہ میں عوامی رائے حاصل کرنے کیلئے سروے کا اہتمام کیا ہے اور سروے رپورٹ کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔ وزراء کی تجاویز اور مشوروں کی بنیاد پر توسیع کا فیصلہ ہوگا ۔ریاستی حکومت کی جانب سے واضح کیا جاچکا ہے کہ اگر مرکزی حکومت کی جانب سے اندرون ملک پروازوں کا سلسلہ شروع بھی کیاجاتا ہے تو تلنگانہ ‘حیدرآباد ائیر پورٹ کی کشادگی عمل میں نہیں لائے گاا ور تمام ائیر لائنس کو ریاستی حکومت سے اجازت حاصل کرنے کے بعد ہی پروازوں کی آمد ورفت کو بحال کرنے اقدامات کرنے چاہئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سابق میں لاک ڈاؤن میں وسعت کے فیصلہ کے دوران واضح کردیا تھا کہ ریاست تلنگانہ کی اپنی ترجیحات ہیں اور ریاست کو کورونا وائرس سے پاک بنانے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے سخت گیر فیصلے کئے جائیں گے اور مرکز کی جانب سے فراہم کی جانے والی راحتوں کا اطلاق ریاست میں نہیں ہوگا۔کہا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم کی سرگرمیوں کے علاوہ ایمسیٹ کے انعقاد کے متعلق بھی کابینہ کے اجلاس میں غور کئے جانے کا امکان ہے علاوہ ازیں ریاستی کابینہ یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کی جانب سے جاری کردہ سفارشات کا بھی جائزہ لے گی اور مرکزی ٹیم جو ریاست تلنگانہ کے دورہ پر تھی اس ٹیم کے تاثرات پر بھی کابینہ کے اجلاس کے دوران غور کیا جائے گا۔
