تلنگانہ میں 21 ڈسمبر کو نیشنل لوک عدالت کی تیاریاں

   

جسٹس پی سیام کوشی نے پولیس اور دیگر محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے مشاورت کی
حیدرآباد۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس پی سیام کوشی ایگزیکٹیو چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ لیگل سرویسیس اتھاریٹی نے 21 ڈسمبر کو مجوزہ نیشنل لوک عدالت کے ضمن میں ڈائرکٹر جنرل پولیس، حیدرآباد سائبر آباد اور رچہ کنڈہ کے پولیس کمشنرس، جوائنٹ کمشنر پولیس ٹریفک، کمشنر آف اکسائز، ڈائرکٹر آف پراسیکیوشن اور آرٹی سی کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ نیشنل لوک عدالت میں مختلف مقدمات کی یکسوئی کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ لوک عدالت میں کریمنل کمپاؤنڈیبل پنڈنگ کیسیس، اکسائز کیسیس، آر ٹی سی کیسیس، چیک باؤنس کیس اور دیگر مقدمات کی باہمی طور پر یکسوئی کی جائے گی۔ جسٹس پی سیام کوشی نے نیشنل لوک عدالت میں زائد مقدمات کی یکسوئی کو یقینی بنانے کے لئے سرکاری محکمہ جات سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ لوک عدالت میں مقدمات کی یکسوئی سے عدالتوں پر بوجھ کم ہوگا۔ انہوں نے کمشنر اکسائز کو ہدایت دی کہ لوک عدالت میں زیادہ سے زیادہ مقدمات کی پیشکشی کو یقینی بنائیں تاکہ شراب سے متعلق زیر التواء کیسیس کی یکسوئی ہو۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس شیودھر ریڈی نے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے کریمنل کمپاؤنڈیبل کیسیس کی لوک عدالت میں یکسوئی میں تعاون کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں تمام پولیس عہدیداروں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈی جی پی لا اینڈ آرڈر مہیش بھاگوت، ایڈیشنل ڈی جی پی سی آئی ڈی شریمتی چارو سنہا، حیدرآباد، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کے کمشنرس نے شرکت کی۔ ممبرس سکریٹری لیگل سرویسیس اتھاریٹی سی ایچ پنچاکشری اور ایڈمنسٹرٹیو آفیسر ایم راجو بھی اجلاس میں شریک تھے۔ 1