ساری ریاست کیلئے آرینج الرٹ جاری ۔ حکومت اور ضلع انتظامیہ نے چوکسی اختیار کرلی
حیدرآباد۔23جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں 24 تا 28جولائی موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی اور اس مرتبہ شمالی تلنگانہ کے ساتھ جنوبی تلنگانہ کے اضلاع میں بھی موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ گذشتہ دنوں کی بارش سے زیادہ تیز اور موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ آئندہ 4یوم کے دوران موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق رنگاریڈی ‘ وقارآباد ‘ نارائن پیٹ ‘ محبوب نگر‘ حیدرآباد‘ سوریہ پیٹ‘کتہ گوڑم‘ محبو ب آباد‘ کھمم‘ ملوگو‘ ورنگل ‘ جنگاؤں ‘ ہنمکنڈہ‘ سدی پیٹ ‘ سرسلہ ‘ سنگا ریڈی ‘ کاماریڈی ‘ پداپلی‘ بھوپل پلی‘ اور کریم نگر میں آئندہ 4یوم میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ خانگی ماہرین کے علاوہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی میں موسلادھار بارش اور ہوا کے دباؤ میں کمی کی نشاندہی کرکے تلنگانہ و دیگر ریاستوں میں بھی شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ نے آئندہ 4یوم کیلئے ریاست بھر میں آرینج الرٹ جاری کردیا ہے اور خلیج بنگال میں طوفان کے سبب صورتحال کو موسلادھار بارش کی وجہ قرار دیا ۔ محکمہ کے انتباہ میں کہا گیا کہ 25اور 26 کو ناقابل یقین حد تک موسلادھار بارش کا امکان ہے اور بارش کے ساتھ بیشتر اضلاع میں 40 تا50 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ سے جاری آرینج الرٹ اور انتباہ کے بعد ریاست میں حکومت سے تمام اضلاع کے انتظامیہ کو متحرک و چوکس رہنے احکامات جاری کردیئے گئے اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ نشیبی علاقوں پر خصوصی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جاسکے ۔ حکومت سے جاری احکام کے بعد ضلع انتظامیہ نے عہدیدارو ںکو متحرک کرکے انہیں چوکس رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔م