تلنگانہ میں 24 لاکھ ووٹرس کے اخراج کا الزام بے بنیاد

   

جھوٹے پروپگنڈہ کے ذریعہ ٹی آر ایس کو بدنام کرنے کی سازش ، ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد ۔ 7 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کی جانب سے ووٹوں کو خارج کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنے کے الزامات کو ریاستی وزیر سرینواس یادو نے بے بنیاد قرار دیا ۔ اور ان الزامات کو پروپگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس کو بدنام کرنے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے ۔ 24 لاکھ ووٹوں کو خارج کرنے کی باتیں بے بنیاد ہے ۔ ریاستی وزیر نے آندھرا پردیش کے وزراء کی جانب سے پولیس اسٹیشن پہونچکر حکومت تلنگانہ کے خلاف شکایت کرنے کی حرکت کو بدبختانہ کارروائی قرار دیا ۔ اور کہا کہ ان کی اس حرکتوں میں چند میڈیا کے ادارے بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے آئی ٹی گریڈ کی حقیقت کو منظر عام پر لانے میڈیا اداروں سے اپیل کی اور کہا کہ جیسا کہ پیش کیا جارہا ہے کہ یہ اسکام کا نہیں بلکہ دونوں ریاستوں کے آپسی تنازعہ کا مسئلہ ہے ۔ ریاستی وزیر نے ان باتوں کو بھی خارج کردیا اور کہا کہ چند میڈیا کے ادارے ماحول تیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ بابو کی فطرت سے اچھی طرح واقف ہیں ۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بابو کے اقدامات چور مچائے شور کے مترادف ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم کے چند قائدین کی ڈاٹا سرقہ کی بات کررہے ہیں ۔ اور چند یہ باور کروانے کی کوشش میں ہیں کہ کسی قسم کا کوئی ڈاٹا سرقہ نہیں ہوا ۔ اور چند یہ کہتے ہوئے گمراہ کن پالیسی اپنائے ہوئے ہیں ۔ یہ ڈاٹا کوئی تلگو دیشم پارٹی کارکنوں کا نہیں تھا بلکہ اے پی کی عوام کا ڈاٹا ہے اور یہ سچ سب کو معلوم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کی حکومت عہدیداروں سے بدلہ لے رہی ہے ۔ انہوں نے جرنلسٹ تنظیموں سے درخواست کی کہ وہ آپس میں ایک کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے آئی ٹی گریڈ کی تفصیلات اور حقیقت کو عوام کے دربار میں پیش کریں ۔ انہوں نے چند میڈیا اداروں کے بارے میں کہا کہ چند میڈیا ادارے حکومت تلنگانہ کو بدنام کرنے کا کام کررہے ہیں ۔ ریاستی وزیر مسٹر سرینواس یادو نے کہا کہ چندرا بابو آندھرا پردیش کے وزراء اور اداروں کو تباہ و برباد کردیں گے ۔۔