تلنگانہ میں 2620 شراب کی دکانات کیلئے 80 ہزار درخواستیں

   

ریاست کے سرکاری خزانہ کو 2560 کروڑ کی آمدنی
حیدرآباد۔ 19 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ محکمہ اکسائز نے شراب کی دکانوں کے لائسنس کے سلسلہ میں درخواستوں میں غیر معمولی اضافے کو دیکھتے ہوئے درخواستوں کے ادخال کی تاریخ میں توسیع کی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ میں ہفتہ کی رات دیر گئے تک 38754 درخواستیں موصول ہوئیں۔ ریاست کی 2620 شراب کی دکانوں کے لئے تاحال جملہ 85363 درخواستیں داخل کی گئی ہیں۔ 38754 نئی درخواستوں کے ذریعہ سرکاری خزانے میں 2560.89 کروڑ کا اضافہ ہوا ہے کیونکہ شراب کی دکانوں کے لئے درخواست فیس ناقابل واپسی ہے۔ کمشنر اکسائز ہری کرن کے مطابق محکمہ نے 23 اکتوبر تک درخواستوں کے ادخال کی سہولت فراہم کی ہے۔ بینک تعطیلات اور تلنگانہ بند کے سبب کئی درخواست گذار درخواستیں داخل کرنے سے محروم رہے لہذا ان کی اپیل پر تاریخ میں توسیع کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دکانات کے الاٹمنٹ کے لئے ڈرا 23 اکتوبر کی بجائے 27 اکتوبر کو ضلع کلکٹرس کی موجودگی میں ہوگا۔ درخواستوں کے وصولی کا عمل 27 ستمبر کو شروع ہوا تھا۔ جمعرات اور جمعہ کو دو دنوں میں فی کس 25 ہزار درخواستیں داخل کی گئیں۔ دلچسپی بات یہ ہے کہ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے 4.5 کروڑ ادا کرتے ہوئے 150 شراب کی دکانوں کے لئے درخواست داخل کی ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلہ درخواستوں کی تعداد میں کسی قدر کمی دیکھی گئی لیکن لائسنس فیس پر نظرثانی کے نتیجہ میں حکومت کی آمدنی میں گزشتہ سال کے مقابلہ اضافہ ہوگا۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد گزشتہ دو برسوں میں شراب کی دکانات کے لئے مانگ میں اضافہ ہوچکا ہے اور تلنگانہ میں شراب کی فروخت سے ہونے والی آمدنی 40 ہزار کروڑ سالانہ سے تجاوز کرچکی ہے۔ 1