تلنگانہ میں 27 تا 30 جولائی گھر گھر کانگریس مہم

   

Ferty9 Clinic

بلدی انتخابات کی تیاریاں، ہر کارکن کے گھر پر پرچم لہرانے کی ہدایت
حیدرآباد۔25 ۔ جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے پارٹی قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ 27 تا 30 جولائی گھر گھر کانگریس ، گاؤں گاؤں کانگریس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مجوزہ بلدی انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے کیڈر کو متحرک کرنے کے لئے یہ پروگرام بنایا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ہر گاؤں میں کارکنوں کو اس پروگرام کا اہتمام کرنا چاہئے ۔ ہر کارکن کے گھر پر کانگریس پارٹی کا پرچم لہرایا جائے اور ہر گاؤں میں پرچم کشائی انجام دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر گاڑی پر کانگریس کا جھنڈا ہونا چاہئے ۔ سہ روزہ پروگرام کی کامیابی کیلئے 26 جولائی کو تمام میونسپل مراکز پر کانگریس کارکنوں کے اجلاس منعقد کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ بلدی انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کے لئے قائدین اور کارکنوں کو جدوجہد کرنی چاہئے ۔ واضح رہے کہ بلدی انتخابات کے پیش نظر کانگریس پارٹی نے گزشتہ دنوں سنگا ریڈی میں اجلاس منعقد کیا تھا جس میں ہر گاؤں میں کیڈر کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے علاوہ سابق وزراء اور سابق ارکان اسمبلی اپنے اپنے اضلاع میں اس پروگرام میں شرکت کریں گے۔ پارٹی نے امیدواروں کے انتخاب کا اختیار مقامی قائدین پر چھوڑدیا ہے۔ وہ اپنے امیدوار کا انتخاب کریں گے اور پردیش کانگریس کمیٹی بی فارم جاری کرے گی ۔ سلیکٹ اینڈ الیکٹ طریقہ کار کے تحت امیدواروں کے انتخاب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ شہری علاقوں میں کانگریس کے مضبوط کیڈر کے پیش نظر پارٹی کو امید ہے کہ بلدی انتخابات میں مظاہرہ حوصلہ افزاء رہے گا۔