تلنگانہ میں 3 بین الاقوامی کمپنیوں کی 3745 کروڑ کی سرمایہ کاری

   

صنعتی ترقی پر کابینی سب کمیٹی کا اجلاس، بھٹی وکرامارکا، سریدھر بابو اور سرینواس ریڈی کی شرکت
حیدرآباد 23 ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ دنیا بھر کی ملٹی نیشنل کمپنیاں تلنگانہ میں بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں جس کے نتیجہ میں نہ صرف نوجوانوں کو روزگار حاصل ہوگا بلکہ زرعی شعبہ کے لئے رعایتوں میں اضافہ ہوگا۔ بھٹی وکرامارکا نے صنعتی ترقی سے متعلق کابینی سب کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ریاستی وزراء سریدھر بابو، پی سرینواس ریڈی کے علاوہ اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ تلنگانہ میں صنعتی ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولتوں اور سرمایہ کاری پر عہدیداروں نے رپورٹ پیش کی۔ بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ کابینی سب کمیٹی نے مہیشورم میں JSW UAV خانگی کمپنی کے قیام کو منظوری دی ہے۔ توشیبا ٹرانسمیشن اینڈ ڈسٹری بیوشن سسٹم کی جانب سے گیس انسولیٹیڈ سوئچ گیئر پلانٹ قائم کیا جارہا ہے۔ ہندوستان کوکاکولا کمپنی نے بھی بڑے پیمانہ پر سرمایہ کاری سے اتفاق کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ 3 بڑی کمپنیوں نے 3745 کروڑ کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے جس کے نتیجہ میں 1518 نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کوکاکولا بیوریجس پلانٹ پر 2398 کروڑ کا خرچ آئے گا جس کے ذریعہ 600 نئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ جے ایس ڈبلیو کمپنی 785 کروڑ سرمایہ کاری کرے گی اور 364 ملازمتیں فراہم کرے گی۔ توشیبا کمپنی 562 کروڑ کی سرمایہ کاری کے ذریعہ 554 نوجوانوں کو روزگار فراہم کرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ کوکاکولا کمپنی کی سرمایہ کاری سے آم اور سنترہ کے کاشتکاروں کو فائدہ ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہارٹیکلچر کے شعبہ میں کاشتکاروں کو کمپنی کے قیام سے فوائد حاصل ہوں گے۔ کابینی سب کمیٹی نے نئی سرمایہ کاری کے سلسلہ میں یادداشت مفاہمت کی شرائط کا جائزہ لیا۔ ڈاؤس اور دیگر ممالک کی نامور کمپنیوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس میں چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری سنجے کمار، پرنسپل سکریٹری کمرشیل ٹیکسیس سید علی مرتضیٰ رضوی، پرنسپل سکریٹری فینانس سندیپ کمار سلطانیہ، پرنسپل سکریٹری توانائی نوین متل، ڈائرکٹر انڈسٹریز نکھل چکرورتی، کمشنر کمرشیل ٹیکسیس اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔1