حیدرآباد ۔ 31 ۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست میں 3 تا 30 جون ’’بڈی باٹا‘‘ پروگرام کے انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام کے دوران جو بچے اسکولس میں داخلہ نہیں لئے ، ان کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں سرکاری اسکولس میں داخلہ دلایا جائے گا ۔ اس پروگرام کے ذریعہ اسکولس میں طلبہ کی تعداد بڑھانے کی کوشش کی جائے گی ۔ پروفیسر جئے شنکر کے نام سے ’’بڈی باٹا‘‘ پروگرام کو موسوم کیا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس کیساتھ اس ضمن میں ٹیلی کانفرنس کی۔ انہوں نے پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے حکمت عملی تیار کی اور مختلف تجاویز پیش کئے۔ انہوں نے 3 تا 10 جون تک ’’انرولمنٹ ڈرائیور‘‘ کا صبح 7 تا 11 بجے انعقاد کرنے کی ہدایت دی ۔ ’’بڈی باٹا‘‘ پروگرام میں عوامی منتخب نمائندوں کو بھی مدعو کرتے ہوئے ہمارا گاؤں ، ہمارا اسکول پروگرام کے علاوہ انگریزی میڈیم تعلیم کے متعارف کرنے پر بھی شعور بیدار کرانے کا مشورہ دیا ۔ 14 تا 30 جون ہر دن خصوصی پروگرامس کا انعقاد کرنے کا مشورہ دیا گیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ حکومت نے ’’ہمارا گاؤں ، ہمارا اسکول‘‘ پروگرام کو متعارف کرایا ہے ۔ اس سے سرکاری اسکولس کی ہئیت پوری طرح تبدیل ہورہی ہے ۔ کانوینٹ اور کارپوریٹ طرز پر سرکاری اسکولس ترقی پارہے ہیں ۔ سرکاری اسکولس میں فراہم کئے جانے والے مفت کتابیں ، دو ڈریس، مڈ ڈے میل معیاری تعلیم اور ماضی میں حاصل کردہ کامیابیوں سے بچوں کے والدین کو واقف کرانے پر زور دیا گیا ۔ن