تلنگانہ میں 3 لاکھ میوٹیشن درخواستوں کی یکسوئی

   

حیدرآباد۔ دھرانی پورٹل پر غیر زرعی جائیدادوں اور اراضیات کے اندراج سے حکومت کے مطابق عوام کو رجسٹریشن میں سہولت ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 40 دنوں میں دھرانی پورٹل پر جائیدادوں کے اندراج کے بعد میوٹیشن سے متعلق 3.5 لاکھ درخواستوں کی یکسوئی کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کئی برسوں سے یہ درخواستیں زیر التواء تھیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن میں میوٹیشن کے معمولی کیسس دیکھے گئے۔ املاک اور جائیدادوں کی ملکیت کی تبدیلی سے متعلق میوٹیشن کا یہ عمل دیہی علاقوں میں زیادہ پایا جاتا ہے۔ ڈسمبر 2020 اور جنوری کے درمیان 3 لاکھ 50 ہزار سے زائد میوٹیشن کی درخواستوں کی یکسوئی کی گئی ہے۔ حیدرآباد میں اس بات کی شکایات ملی ہیں کہ میوٹیشن کی فیس ادا کرنے کے باوجود ریکارڈ میں سابقہ مالک کا نام درج کیا گیا۔ حکام اس طرح کی شکایتوں کی درستگی میں مصروف ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ میوٹیشن کی درخواستوں کے سلسلہ میں حکام کو کئی مراحل میں اُلجھنوں کا سامنا ہے۔ اراضیات کے عدالتوں میں زیر دوران مقدمات کے سبب میوٹیشن کی تکمیل نہیں کی جاسکتی۔ حکومت نے رجسٹریشن اور میوٹیشن کیلئے قواعد میں ترمیم کا فیصلہ کیا ہے ۔