تلنگانہ میں 3.13 کروڑ رائے دہندے، 14 لاکھ ناموں کی شمولیت

   

4 اکٹوبر کو قطعی فہرست کی اجرائی، 18 تا 19 سال کے 6.51 لاکھ رائے دہندے
حیدرآباد۔/20ستمبر، ( سیاست نیوز) فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت، اخراج اور تصحیح سے متعلق درخواستوں کی یکسوئی کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کے مطابق فارم 6، فارم 7 اور فارم 8 کے تحت موصولہ درخواستوں کی خصوصی مہم کے دوران یکسوئی کردی گئی۔ ریاست بھر میں ناموں کی شمولیت کیلئے 13.06 لاکھ درخواستیں وصول ہوئی ہیں۔ مرحومین اور مکان تبدیل کرنے پر فہرست سے ناموں کے اخراج کیلئے 6.26 لاکھ درخواستیں داخل کی گئیں۔ فہرست رائے دہندگان میں درج تفصیلات میں تبدیلی اور اصلاح کیلئے7.77 لاکھ درخواستیں الیکشن کمیشن کو وصول ہوئیں۔ جاریہ سال جنوری سے آج تک فہرست رائے دہندگان میں 14.72 لاکھ نام شامل کئے گئے جبکہ 3.39 لاکھ ناموں کو خارج کیا گیا۔ 10.95 لاکھ افراد کی تفصیلات میں ترمیم کی گئی۔ ناموں کی شمولیت اور اخراج کے بعد تلنگانہ میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 3.13 کروڑ ہوچکی ہے جن میں 1.57 کروڑ مرد اور 1.56 کروڑ خواتین شامل ہیں۔ تیسری جنس کے 2226 رائے دہندوں کی شناخت کی گئی۔ وکاس راج نے بتایا کہ خصوصی مہم کے تحت نوجوانوں نے ناموں کی شمولیت میں دلچسپی دکھائی ہے۔ 18 تا 19 سال عمر کے رائے دہندے 5 جنوری تک 2.79 لاکھ تھے جو 19 ستمبر تک بڑھ کر6.51 لاکھ ہوچکے ہیں۔ اس طرح 234 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ ریاست بھر میں 33 ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسرس کی مساعی کے نتیجہ میں یہ ممکن ہوسکا۔ ڈسٹرکٹ الیکٹورل آفیسرس نے ناموں کی شمولیت اور فہرست میں ترمیم کی مہم کامیابی کے ساتھ انجام دی ہے۔ وکاس راج نے بتایا کہ 19 ستمبر تک موصولہ تمام درخواستوں کی 27 ستمبر تک یکسوئی کردی جائے گی اور 4 اکٹوبر کو قطعی فہرست رائے دہندگان شائع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ درخواستوں کے ادخال کی تاریخ ختم ہوچکی ہے لیکن اہل شہری ناموں کی شمولیت یا اخراج اور تصحیح کے سلسلہ میں درخواستیں داخل کرسکتے ہیں، ان درخواستوں کی یکسوئی جاریہ عمل کے تحت انجام دی جائے گی۔