تلنگانہ میں 30 اگست تا 2 ستمبر شدید بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔28۔اگسٹ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ پڑوسی اضلاع میڑچل ۔ ملکاجگری ‘ رنگاریڈی ‘ وقار آباد‘ میدک ‘ سنگاریڈی ‘ یداردی بھونگیر‘ نلگنڈہ اور سوریہ پیٹ کے علاقو ںمیں 30 اگسٹ تا 2 ستمبر کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جار ہاہے کہ ان ایام کے دوران ریاست تلنگانہ کے بیشتر تمام اضلاع میں بارش ہوگی لیکن مذکورہ علاقوں میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ پڑوسی اضلاع میڑچل ۔ملکا جگری ‘ رنگاریڈی اور وقار آباد میں 30اگسٹ تا2ستمبر کے دوران بارشوں کے علاوہ شمالی تلنگانہ کے اضلاع عادل آباد‘ نرمل ‘ آصف آباد‘ منچریال ‘ پداپلی ‘ سرسلہ ‘ سدی پیٹ‘ نظام آباد ‘ کاماریڈی ‘ جگتیال اور کریم نگر میں بھی انتہائی خطرناک موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی اس پیش قیاسی کے متعلق ماہر موسمیات مسٹر ٹی بالاجی نے بتایا کہ اس مدت کے دوران شہر حیدرآباد کے علاوہ اطراف کے اضلاع میں بھی موسلادھار بارش کے امکانات ہیں لیکن شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں موسلادھار مسلسل بارشوں کے نتیجہ میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں موسلادھار بارش کے نتیجہ میں گوداوری میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگی ۔خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے کی جانے والی اس پیش قیاسی کے سلسلہ میں سرکاری محکمہ موسمیات کی جانب سے اب تک کوئی انتباہ جاری نہیں کیاگیا ہے لیکن گذشتہ ایک ہفتہ سے محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ 5یوم کے دوران موسلادھار بارش کے پیش نظر الرٹ جاری کیا جا رہاہے لیکن موسم میں کوئی خوشگوار تبدیلی نہیں دیکھی جارہی ہے بلکہ رطوبت میں ہونے والے اضافہ کے سبب دو دن سے شہر حیدرآباد وسکندرآباد میں دوپہر کے وقت شدید گرمی کی صورتحال ریکارڈ کی جا رہی ہے جبکہ رات کے وقت موسم سرد رہنے لگا ہے۔3