نرمی کے اوقات چار گھنٹے برقرار ، چیف سکریٹری سومیش کمار کے احکامات
حیدرآباد: حکومت نے جاریہ لاک ڈاؤن میں 30 مئی تک توسیع کرنے آج باقاعدہ احکام جاری کردیئے ہیں۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او ایم ایس 107 جاری کیا جس کے تحت ریاست کے جاریہ لاک ڈاون کو 30 مئی تک توسیع دی گئی ہے ۔ لاک ڈاؤن میں نرمی کے اوقات صبح 6 تا 10 بجے برقرار رہیں گے ۔ اس کے علاوہ اہم خدمات کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دیا گیا ۔ اس سلسلہ میں 11 مئی کو جاری کردہ جی او ایم ایس 102 میں تمام تفصیلات درج ہیں۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں کورونا کیسیس میں اضافہ کے بعد 20 اپریل کو نائیٹ کرفیو نافذ کیا گیا تھا ۔ نائیٹ کرفیو میں مزید توسیع کرتے ہوئے 30 اپریل کو احکامات جاری کئے گئے ۔ اسی دوران کیسیس اور اموات کی تعداد میں اضافہ پر ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا جس کے بعد حکومت نے 12 مئی سے 22 مئی تک لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے لاک ڈاؤن میں توسیع کے بارے میں 20 مئی کو کابینہ کا اجلا س طلب کیا تھا لیکن 18 مئی کو چیف منسٹر نے لاک ڈاون میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کابینی اجلاس کو منسوخ کردیا۔ عوام کو امید تھی کہ نرمی کے اوقات میں اضافہ کیا جائے گا لیکن بتایا جاتا ہے کہ کیسیس پر قابوپانے کے مقصد سے حکومت نے موجودہ نرمی کے اوقات کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران تمام مذہبی مقامات پر کسی بھی اجتماع کی اجازت نہیں رہے گی۔ اس کے علاوہ شادی بیاہ کی تقاریب میں 40 اور تدفین و آخری رسومات میں 20 افراد کی شرکت کی اجازت رہے گی ۔ سرکاری دفاتر میں 33 فیصد ملازمین حاضر رہیں گے۔ میڈیکل شاپس ، ہاسپٹلس اور دیگر اہم خدمات کو لاک ڈاؤن سے استثنیٰ دیا گیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یکم جون کو تلنگانہ ہائی کورٹ میں کورونا کی صورتحال پر سماعت کے پیش نظر حکومت نے موجودہ قواعد کے ساتھ لاک ڈاون میں 30 مئی تک توسیع کردی ہے۔ اس مدت کے دوران ریاست میں کورونا کے کیسیس کا جائزہ لیا جائے گا اور ممکن ہے کہ نرمی کے اوقات میں اضافہ کا فیصلہ ہوگا۔