تلنگانہ میں 31 مارچ تک تعلیمی ادارے ، سنیما تھیٹرس ، کلبس ، شراب خانے ، زو بند

,

   

عوام کو بڑی تعداد میں ایک جگہ جمع ہونے سے گریز کا مشورہ ، شادی خانوں میں 31 مارچ کے بعد بکنگ بھی نہیں ہوگی ۔ کابینی اجلاس کے بعد چیف منسٹر کا خطاب
بورڈ امتحانات حسب شیڈول برقرار رہیں گے
اسپورٹس سرگرمیاں منسوخ
شاپنگ مالس ، سوپر مارکٹس کھلے رہیں گے

حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : حکومت تلنگانہ نے آج سے ریاست بھر میں 31 مارچ تک تمام تعلیمی ادارے ، سنیما تھیٹرس ، کلبس ، شراب خانے ، زو ، امیوزمنٹ پارکس ، بند رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ حیدرآباد میں کورونا وائرس کا دوسرا کیس سامنے آنے کے بعد حکومت کی جانب سے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس طلب کر کے ریاست میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ احتیاطی طور پر اقدامات کریں ۔ انہوں نے عوام کو دوبارہ تیقن دیا کہ ریاست میں کورونا وائرس سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ عام مقامات پر بڑی تعداد میں جمع ہونے سے گریز کریں ۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ 31 مارچ کے بعد تمام شادی خانوں میں کوئی بکنگ قبول نہیں کی جائے گی ۔ جن لوگوں نے پہلے ہی شادی طئے کرلی ہے ، وہ زیادہ سے زیادہ 200 مہمانوں کی فہرست کے ساتھ شادی کی تقریب انجام دے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں تمام بورڈ امتحانات حسب تواریخ جاری رہیں گے ۔ انٹر میڈیٹ اور دسویں کے امتحانات کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی ۔ سوشیل ویلفیر ہاسٹلس اور ریزیڈنشیل اسکولوں کے طلباء کے امتحانات ہاسٹلس میں ہی لیے جائیں گے ۔ چیف منسٹر نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں تمام اسپورٹس سرگرمیاں منسوخ کردی گئی ہیں ۔ تمام انڈور اور آوٹ ڈور اسٹیڈیم ، سوئمنگ پولس ، میوزیم بھی فوری اثر کے ساتھ بند رہیں گے ۔ یہ تمام فیصلے احتیاطی اقدامات کے طور پر کیے گئے ہیں ۔ عوام کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس وائرس سے نمٹنے کے لیے 500 کروڑ روپئے چیف سکریٹری کے حوالے کردئیے ہیں ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد ایرپورٹ پر بیرونی ممالک سے آنے والے افراد کے ٹسٹس کرنے کے لیے 200 محکمہ صحت کے اسٹاف کو تعینات کر کے تمام معائنوں کو یقینی بنایا جارہا ہے اور فوری طور پر کسی انتظامات کے نہ کئے جانے کو پیش نظر رکھتے ہوئے قبل از وقت ہی تمام اضلاع میں الیسولیٹیڈ سنٹرس قائم کئے گئے ہیں اور 321 انٹنسیو کیر یونٹ بیڈز بھی تیار رکھے گئے ہیں اس طرح جملہ 1340 بستروں کا انتظام کیا گیا ۔ علاوہ ازیں 31 مارچ تک عوام کا کثیر تعداد میں اژدھام نہ رہنے کے لیے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ کابینہ میں ریاست میں کورونا وائرس کی صورتحال اور پڑوسی ریاستوں کے علاوہ ملک بھر میں بڑھتے واقعات کا بھی جائزہ لیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں تمام شاپنگ مالس ، سوپر مارکٹس کھلے رہیں گے ۔ البتہ سنیما تھیٹرس بند رکھے جائیں گے ۔ عوام کو ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے آر ٹی سی اور میٹرو ریل سرویس بھی حسب معمول جاری رہے گی ۔ ان علاقوں میں صاف صفائی کے لیے خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ کابینی اجلاس میں وزیر صحت ایٹالہ راجندر ، چیف سکریٹری سومیش کمار ، ڈی جی پی ایم مہندرا ریڈی اور دیگر عہدیدار شریک تھے ۔۔