تلنگانہ میں 4 جون کے بعد بی آر ایس کی دکان بند ہو گی

   

ریونت ریڈی 10 سال تک چیف منسٹر رہیں گے، وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ یکم ؍ جون (راست) ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 4 جون کے بعد بی آر ایس کی دوکان بند ہوجائے گی اور ریونت ریڈی آئندہ 10 سال تک تلنگانہ کے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہیں گے۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ سونیا گاندھی کی وجہ سے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پائی ہے۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی کے پلیٹ فارم سے اس کو تسلیم کیا ہے۔ تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر بننے والے کے سی آر نے تلنگانہ کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔ کے سی آر کی جانب سے متعارف کرائی گئی تمام فلاحی اسکیمات میں بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں اور بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ بھیڑ بکریوں کی اسکیم میں 700 کروڑ کا نہیں بلکہ 4 تا 5 ہزار کروڑ روپئے کا اسکام ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا نے دہلی شراب اسکام میں ملوث ہوتے ہوئے سارے ملک میں تلنگانہ کو شرمسار کیا ہے۔ بتکماں کی آڑ میں شراب کا کاروبار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس کو ایک نشست پر بھی کامیابی حاصل نہیں ہوگی۔ لوک سبھا کے نتائج 4 جون کے بعد بی آر ایس کی سیاسی دوکان بند ہوجائے گی۔ تلنگانہ میں کانگریس 10 سال تک حکومت میں رہے گی اور اے ریونت ریڈی بھی 10 سال تک چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہیں گے۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی لوک سبھا انتخابات میں زبردست مظاہرہ کرے گی اور سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔2