تلنگانہ میں 4 سال میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر گاڑیوں کے مالکین پر 2,220 کروڑ روپے کا جرمانہ

   

حیدرآباد5جنوری(یواین آئی) تلنگانہ حکومت نے گزشتہ 4 برسوں میں مختلف قسم کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر گاڑیوں کے مالکین پر 2,220 کروڑ روپے کا جرمانہ عائدکیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ریاست بھر میں چار سال کے دوران مختلف اقسام کی گاڑیوں کے خلاف 6 کروڑ 18 لاکھ معاملات درج کئے گئے ۔گزشتہ سال 2,22,55,363 معاملات درج کیے گئے اور 877 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔ ہیلمٹ نہ لگانے ، شراب پی کر گاڑی چلانے، تیز رفتاری سے گاڑی چلانے جیسے 18 زمروں کے تحت ریاست میں ٹریفک پولیس معاملات درج کررہی ہے ۔ ٹریفک پولیس اور لاء اینڈ آرڈر پولیس مل کر خصوصی مہم چلا رہے ہیں ۔پولیس کی جانب سے ہیلمٹ نہ پہننے ، سگنل جمپنگ، اسٹاپ لائن کراسنگ، موبائل فون ڈرائیونگ، غلط سائیڈ ڈرائیونگ، ٹریپل سواری، اوور اسپیڈنگ، لاپرواہی سے ڈرائیونگ، سیٹ بیلٹ نہ لگانے اور بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف معاملات درج کیے جا رہے ہیں۔ اس میں ہر سال سب سے زیادہ چالانات ہیلمٹ کی خلاف ورزیوں کے شامل ہیں۔ تیز رفتار گاڑی چلانے کے چالانات دوسرے نمبر پر اور ٹریپل سواری کے چالانات تیسرے نمبر پر ہیں۔ اس طرح کے چالانوں کا ڈیٹاتلنگانہ پولیس کی ویب سائٹس اور ٹی ایس کاپس کے ٹیبس میں اپ لوڈ کیاجارہا ہے ۔ گاڑیوں کی تلاشی کے دوران زیر التواء چالان والی گاڑیوں کو ضبط کیا جا رہا ہے ۔ چالان کی کم از کم نصف رقم کی ادائیگی تک گاڑیاں واپس نہیں دی جارہی ہیں۔