تلنگانہ میں 4 سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے

   

حیدرآباد۔/18 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت تلنگانہ نے چار سینئر آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلے کرتے ہوئے احکامات جاری کئے۔ ان جاری کردہ احکامات کی روشنی میں موجودہ کمشنر پرنٹنگ اینڈ اسٹیشنری مسٹر وی کے سنگھ کا اچانک تبادلہ کرکے انہیں بحیثیت ڈائرکٹر تلنگانہ پولیس اکیڈیمی مقرر کیا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مسٹر وی کے سنگھ نے بحیثیت ڈائرکٹر جنرل محابس ( جیلیں ) ایک طویل مدت تک برقرار رہتے ہوئے محکمہ محابس میں کئی ایک اصلاحات کو روبہ عمل لایا تھا۔ لیکن انہیں اچانک تبادلہ کرکے کمشنر پرنٹنگ اینڈ اسٹیشنری کے عہدہ پر فائز کئے جانے پر پرنٹنگ پریس کی کارکردگی کے تعلق سے بعض ریمارکس کرتے ہوئے حکومت کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک نیا تنازعہ پیدا کردیا تھا۔ جس کی روشنی میں حکومت نے اچانک ان کا ایک اور مرتبہ تبادلہ کرکے ڈائرکٹر تلنگانہ پولیس اکیڈیمی مقرر کرنے کے احکام جاری کئے جبکہ حکومت نے موجودہ ڈائرکٹر تلنگانہ پولیس اکیڈیمی مسٹر سنتوش مہرہ کا تبادلہ کرکے انہیں ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ آفس کو رپورٹ کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اسی طرح ایک اور سینئر آئی پی ایس آفیسر مسٹر سنجے کمار کا تبادلہ کرکے انہیں ڈائرکٹر جنرل ریاستی فائر سرویسیس مقرر کیا گیا۔