اردو زبان کے فروغ کے اقدامات، شاہ عالم خاں یادگاری مشاعرہ، مہیش کمار گوڑ اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔/13اپریل، ( سیاست نیوز) وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ میں 4 فیصد مسلم تحفظات اور اردو زبان کے تحفظ و فروغ کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت تمام طبقات کی یکساں ترقی کے عہد کی پابند ہے۔ اتم کمار ریڈی کل رات انوارالعلوم ایجوکیشنل اسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ آٹھویں نواب شاہ عالم خاں یادگار مشاعرہ سے خطاب کررہے تھے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، حکومت کے مشیر برائے اقلیت محمد علی شبیر، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ نواب محبوب عالم خاں اور نواب مجاہد عالم خاں نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ اردو زبان کی ترقی اور فروغ کیلئے کانگریس حکومت ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ اردو اساتذہ کے تقررات خصوصی ریکروٹمنٹ مہم کے ذریعہ عمل میں لائے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ میری پیدائش حیدرآباد کے پرانے شہر میں ہوئی ہے، میرے والدین نے اردو میڈیم میں تعلیم حاصل کی اور گھر میں اردو زبان میں بات چیت کی جاتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ جذبات کے اظہار کیلئے اردو سے بہتر کوئی اور زبان نہیں ہوسکتی۔ اتم کمار ریڈی نے انوارالعلوم ایجوکیشنل اسوسی ایشن کی خدمات کی ستائش کی اور سالانہ مشاعرہ کے اہتمام پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اردو ایک تہذیب کی عکاسی کرتی ہے اور ملک کی جدوجہد آزادی میں اردو شاعری اور انقلابی نعروں نے اہم رول ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت اقلیتوں کے مفادات کے تحفظ اور ان کی بھلائی کی پابند ہے۔ اقلیتی اداروں کو حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور اقلیتوں کی ترقی پر 4000 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست میں مسلمانوں کو 4 فیصد تحفظات کا بہرصورت تحفظ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسلمانوں کا دستوری حق ہے اور قانونی سطح پر حکومت ہر ممکن جدوجہد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی وقف ترمیمی قانون کی مخالفت کررہی ہے اور ملک بھر میں مسلمانوں کا احتجاج حق بجانب ہے۔ اتم کمار ریڈی نے سماج کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے والی طاقتوں کے خلاف متحدہ جدوجہد کی ضرورت ہے۔1