تلنگانہ میں 4 میڈیکل کالجس کے قیام کی راہ ہموار

   

حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں مزید 4 نئے خانگی میڈیکل کالجس کے قیام کی راہموار ہوچکی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ کالوجی نارائن راؤ ہیلت یونیورسٹی نے ان کالجس کو منظوری دے دی ہے ۔ ہنمکنڈہ ضلع میں پرتیما ریلیف انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس‘ رنگا ریڈی ضلع کے جعفر گوڑہ میں نوا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس اینڈ ریسرچ سنٹر میڑچل ، ملکاجگیری ضلع کے کنڈلہ کویا میں سی ایم آر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس‘ ڈنڈیگل میں اروندتی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کیلئے سال 2022-23 تعلیمی سال سے کلاسیس کے آغاز کی اجازت مل گئی ہے ۔ ہرکالج میں 150 نشستیں ہونگی اس طرح کل 600 ایم بی بی ایس نشستیں دستیاب رہیں گی۔ چار نئے میڈیکل کالجس کوملاکر ریاست میں خانگی اور سرکاری میڈیکل کالجس کی تعداد بڑھ کر32 ہوجائے گی ۔ اس دوران ریاستی حکومت نے 8 نئے سرکاری میڈیکل کالجس کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جو مختلف ضلع ہیڈکوارٹرس میں قائم کئے جائیں گے ۔ اب اس تازہ فیصلہ کے سبب ان کالجس کی تعداد میں اضافہ ہوگا ۔ امکان ہے کہ ان خانگی اور سرکاری میڈیکل کالجس میں نشستوں پر بھرتی کے عمل کا آئندہ سال آغاز ہوگا۔ریاست میں میڈیکل کالجس کی تعداد میں اضافہ سے میڈیسن کرنے کے خواہشمند طلباء کو بہت سہولت ہوگی ۔ع